Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

چیف جسٹس کی سینئر انٹیلی جنس حکام سے ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی؟

پنجاب میں انتخابات کے لیے سیکیورٹی ایک بڑی رکاوٹ رہی ہے۔
شائع 18 اپريل 2023 06:39pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پیر کی شام سینئر انٹیلی جنس حکام اور سپریم کورٹ کے ججز کے درمیان ملاقات کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم خود اس ملاقات کا حصہ تھے۔

اگرچہ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی، لیکن رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ’سینئر‘ انٹیلی جنس حکام نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے ملاقات کی ہے تاکہ پنجاب میں انتخابات کے تناظر میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات اٹارنی جنرل کے دفتر کے ذریعے وزارت دفاع کی درخواست پر ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں اٹارنی جنرل بھی موجود تھے۔

اطلاعات کے مطابق اجلاس میں انٹیلی جنس حکام کی جانب سے ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی اور حکام نے بریفنگ سے متعلق سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

اطلاعات کے مطابق ججز نے انٹیلی جنس حکام کو بتایا کہ پارلیمنٹ کے حالیہ ان کیمرہ اجلاس کی میڈیا رپورٹنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیکورٹی کی صورتحال ’بہت بہتر‘ ہے۔

جبکہ حکام نے عدلیہ کو بتایا کہ ملکی سلامتی سے متعلق انتخابی تاخیر کیس کے دوران عدالت میں پیش کیے گئے حقائق وہی تھے جو پارلیمنٹ کو دی گئی بریفنگ کا حصہ تھے۔

انتخابات اور سیکیورٹی کے مسائل

انتخابات کے لیے فنڈنگ کے علاوہ سیکیورٹی کی فراہمی کو بھی انتخابات کے انعقاد میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔

مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ فوجی حکام نے پہلے ہی الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا ہے کہ ان کے اہلکار مردم شماری کے فرائض اور ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ کچے کے علاقے میں بھی ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک میں منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے مناسب سیکیورٹی کی فراہمی بہت ضروری ہے اور سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال انتخابات کے انعقاد کی اجازت نہیں دیتی۔

پاکستان نے حالیہ مہینوں میں ملک بھر میں دہشت گردی کے حملوں کی ایک نئی لہر دیکھی ہے، جن میں سب سے بڑا حملہ پشاور کے پولیس لائن علاقے میں ایک مسجد میں دھماکہ تھا جس میں تقریباً 100 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

DG ISI

cheif justice of pakistan

Politics April 18 2023

Intelligence officials