ہمارے ناظرین بے وقوف ہیں، مائرہ عمیر پاکستانی ڈراموں پر برہم
پاکستانی ٹیلی ویژن اسکرین پر ان دنوں دو ڈراموں ’تیرے بن‘ اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ کا راج ہے، دونوں ڈراموں وہاج علی اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔
معروف اداکار عمیر رانا کی اہلیہ مائرہ عمیر نے بہترین ریٹنگ حاصل کرنے والے ڈراموں ’تیرے بن‘ اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ کے ناظرین کو بے وقوف قرار دے دیا۔
مائرہ عمیر نے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں دونوں ڈراموں کی کہانی کا تجزیہ پیش کیا، انہوں نے کہا کہ مجھے یہ سوچ کر افسوس ہوتا ہے کہ لوگ اس قسم کے ڈراموں کو اتنی اہمیت کیوں دے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ آج سے کچھ سال قبل ایک مشہور ڈائریکٹر نے مجھے بتایا تھا کہ ناظرین بے وقوف ہیں اور وہ معیاری کہانیاں نہیں سمجھتے۔
مائرہ عمیر نے کہا کہ انھیں اس وقت یقین نہیں آیا تھا لیکن اب آگیا ہے کیونکہ میری لکھی گئی بہت سی ایسی معیاری کہانیاں ہیں جنہیں پروڈکشن ہاؤسز پسند نہیں کرتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے شوہر عمیر رانا کے ڈرامے ’پیا بے دردی‘ کی کہانی بھی غیر معیاری تھی لیکن اسے بھی ناظرین نے بہت پسند کیا تھا۔
مائرہ عمیر نے مزید لکھا کہ میں ایک لکھاری ہوں، میں نے حسینہ معین کے ڈرامے دیکھیں ہیں جس میں خواتین کا کردار مضبوط ہوتا تھا لیکن اب ایسا ڈراموں میں نہیں دکھایا جاتا اسی لئے میں ایسے ڈرامے نہیں دیکھ سکتی۔
تاہم، انہوں نے وہاج علی، یمنیٰ زیدی، زاویار نعمان، اور ہانیہ عامر کو ایسے ڈراموں کی کہانیاں منتخب کرنے پر سراہا کیونکہ ان ڈراموں کی وجہ سے انھیں شہرت ملے گی۔
واضح رہے کہ ’تیرے بن‘ اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ دو ایسے پاکستانی ڈرامے ہیں جو صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی بہت مقبول ہورہے ہیں۔
Comments are closed on this story.