Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اداکارہ سعیدہ امتیاز کے انتقال کی خبر جھوٹی نکلی

آج صبح سے اداکارہ کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں
اپ ڈیٹ 19 اپريل 2023 02:56pm

پاکستانی سپر ماڈل، فلم وڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سعیدہ امتیاز کے انتقال کی خبر جھوٹی نکلی۔

اداکارہ سعیدہ امتیاز کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پراُن کے انتقال کی افسوس ناک خبر شیئر کی گئی تھی ۔

شیئر کی گئی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا گیا کہ سعیدہ امتیاز آج صبح اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔

بعدازاں سوشل میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئیں کہ اداکارہ کا اکاونٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ بلکل خیریت سے ہیں ۔

انسٹاگرام پیجز کے مطابق اداکارہ کے سوشل میڈیا اکاونٹ کو مبینہ طور پر اس کے سوشل میڈیا منیجر نے ہیک کیا ہے جس نے یہ جعلی خبر پوسٹ کی تھی، تاہم سعیدہ امتیاز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہیں۔

انسٹاگرام پر میاں لاء چیمبر سے اکاونٹ سے دعویٰ کیا گیا کہ وہ سعیدہ کے مبینہ وکیل ہیں اور انہوں نے سعیدہ کی موت کی تصدیق ہونے تک پوسٹ نہ کرنے کا کہا ہے جبکہ انہوں نے سب سے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔

ریلٹی شو تماشا میں اداکارہ کے ساتھی اداکار صائم علی نے بھی تصدیق کی ہے کہ سعیدہ امتیاز زندہ اور ٹھیک ہیں۔

سعیدہ امتیاز 24 مئی 1990 کو متحدہ عرب امارات میں پیدا ہوئیں، اداکارہ سعیدہ امتیاز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی زندگی پر بننے والی بائیوپک فلم ’کپتان‘ میں کام کیا تھا۔

فلم میں انہوں نے جمائما کا کردار ادا کیا لیکن یہ فلم متعدد وجوہات کے باعث ریلیز نہیں کی گئی تھی ۔

اداکارہ دیگر فلموں جیسے وجود، تھوڑی سیٹنگ تھورا پیار اور ساحر لودھی کی فلم راستہ میں بھی کام کرچکی ہیں۔

انہوں نے ہندی فلم ری ڈرم - ٹیل آف مڈر میں بھی کام کیا جبکہ آئندہ دنوں میں وہ کامیڈی فلم ’ قلفی’ میں بھی دکھائی دینے والی ہیں۔

اداکارہ سعیدہ امتیاز اے آر وائی کے ریلٹی شوتماشا گھرکا بھی حصہ تھیں جہاں سے انہیں کافی مقبولیت ملی۔

تصحیح: اس معاملے پر ہماری ایک ابتدائی خبر میں سعیدہ امتیاز کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کی پوسٹ کا حوالہ دیا گیا تھا کہ وہ انتقال کر گئی ہیں۔ اس خبر کو چند گھنٹے بعد اس وقت فوراً ہی اپ ڈیٹ کردیا گیا جب شوبز کی شخصیات نے واضح کیا کہ انسٹاگرام پوسٹ غلط تھی۔ ادارے کو اس غلطی پر افسوس ہے اور ہمارے پلیٹ فارمز پر تمام خبروں کو درست کر دیا گیا ہے۔

saeeda Imtiaz

SAEEDA IMTIAZ DEATH