گزشتہ دور حکومت میں انصاف کے نام پر سیاست کی دکان چمکائی گئی، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سیاست نہیں ہونا چاہئے، لیکن انصاف کے نام پر سیاست کی دکان چمکائی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کا دورہ کیا، جہاں انہیں اسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ شمالی پنجاب میں صحت کے نئے مرکز کا قیام خوش آئند ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتال 255 بستروں پر مشتمل ہے، اسپتال میں یورالوجی، نیفرالوجی، ڈائیلاسز، ریڈیالوجی کی سہولیات ہوں گی، جب کہ اسپتال میں ریڈیوتھراپی، پتھالوجی، ایمرجنسی، ٹرانسپلانٹیشن اور اوپی ڈی کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈٹرانسپلانٹیشن شاندارہے، اسپتال میں مریضوں کوبہترین علاج فراہم کیاجارہاہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس اسپتال کا سنگ بنیاد 2012 میں رکھا گیا تھا، اور اسے بہت پہلے مکمل ہو جانا چاہئے تھا، لیکن گزشتہ دور میں دیگر منصوبوں کی طرح اس کو بھی نظر انداز کیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران لاہور اسپتال نے دکھی انسانیت کی خدمت کی، لیکن ایک شخص کہتا تھا کہ 20 ارب روپے غرق کر دیئے گئے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سیاست نہیں ہونا چاہئے، لیکن انصاف کے نام پر سیاست کی دکان چمکائی گئی۔
Comments are closed on this story.