Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر حکمران غلط روایت ڈال رہے ہیں، عمران خان

پی ٹی آئی کا جنوبی اور مغربی پنجاب کیلئے انتخابی ٹکٹ فائنل کرنے کا فیصلہ
اپ ڈیٹ 18 اپريل 2023 05:59pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر حکمران غلط روایت ڈال رہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مرکزی صدر پی ٹی آئی پرویزالہیٰ نے لاہور میں ملاقات کی۔ جس میں پنجاب میں الیکشن کیلئے ٹکٹوں پر تفصیلی مشاورت اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔عمران خان نے خصوصی طور پر مونس الہیٰ کی خیریت بھی دریافت کی۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر حکمران غلط روایت ڈال رہے ہیں، توہین عدالت پر پہلے یوسف رضا گیلانی نے نا اہلی بھگتی، اب انشاء اللہ شہبازشریف بھی نااہلی بھگتے گا۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رہے ہیں، درخواستیں پنجاب اور کے پی کے وزرائے اعلیٰ کی جانب سے دائرکریں گے۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ الیکشن کو روکنے کیلئے ہرغیر آئینی ہتھکنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے، نااہل حکمرانوں کو اپنے ہر غیر آئینی اقدام کا جواب دینا ہو گا، شہباز شریف کسی بھی صورت اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں، آئین شکن شو باز شریف قوم کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہو چکا ہے۔

دوسری طرف پنجاب میں عام انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب اور مغربی پنجاب کی ٹکٹوں کو فائنل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں ٹکٹوں کو فائنل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان پارٹی ٹکٹوں سے متعلق براہ راست انٹرویوز بھی کرچکے ہیں، پارٹی تنظیمیں اور ریجنل پارلیمانی بورڈز بھی اپنی سفارشات دے چکے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 19 اپریل تک امور کو حتمی شکل دے کر ٹکٹ جاری کردے گی۔

pti

imran khan

lahore

Punjab Elections

Politics April 18 2023