Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

’رانا ثناء کا بیان 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے، عدلیہ کے فیصلے کی حکم عدولی ہے‘

قومی اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو صوبائی الیکشن وقت پر ہی ہوکر رہیں گے، سابق وفاقی وزیر
شائع 17 اپريل 2023 11:59am
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا بیان 14 مئی کو انتخابات نہیں ہوں گے، عدلیہ کے فیصلے کی سرعام حکم عدولی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پیسے جاری کرتا ہے یا نہیں کرتا آج پتہ لگ جائے گا، اگر اسٹیٹ بینک الیکشن کمیشن کو پیسے نہ بھیج کر حکم عدولی کرتا ہے تو ابتداء اسٹیٹ بینک سے ہی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے یا عوام کی عدالتوں میں ہوں گے اس کا بھی پتہ لگ جائے گا، سراج الحق کے مذاکرات حقیقت پر مبنی ہوں تو اچھی بات ہے۔

شیخ رشید اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ اب تو زلمے خلیل زاد نے بھی مسٹر ٹین پرسنٹ پر مہر لگا دی ہے، نیب کے کیسز سپریم کورٹ میں فیصلہ طلب ہیں، انشاءاللہ سپریم کورٹ نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے گی۔

سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں ان کے خلاف غیر اخلاقی مہم بھی چلائی جارہی ہے، اگر قومی اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو صوبائی الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوکر رہیں گے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ کا بیان کہ 14 مئی کو انتخابات نہیں ہوں گے، عدلیہ کے فیصلے کی سرعام حکم عدولی ہے، چور دروازے سے آنے والی پی ڈی ایم کی حکومت الیکشن کے چوک اور چوراہے میں جانے سے گھبرا رہی ہے۔

نگراں حکومت کے 90 روز پورے ہوگئے ہیں تو یہ کس شوق کس اختیار کے تحت بیٹھے ہوئے ہیں، غیرملکی انویسمینٹ غیر ملکی ایرلائینز بند ہورہی ہیں۔

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

State Bank Of pakistan

Supreme Court of Pakistan

Awami Muslim League

Punjab Elections