Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

کچھ بھی ہوجائے پنجاب میں الیکشن 14 مئی کو نہیں ہوں گے، رانا ثناء

اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے ہم سے جو غلطی ہوئی ہے اس کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، وزیر داخلہ
اپ ڈیٹ 17 اپريل 2023 12:37am
Interior Minister Rana Sanaullah media talk in Faisalabad - Aaj News

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے پنجاب میں الیکشن چودہ مئی کو نہیں ہوں گے، الیکشن اسی سال ہوں گے، کئیر ٹیک سیٹ اپ کے تحت ہوں گے اور ایک ساتھ ہوں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے ہم سے جو غلطی ہوئی ہے اس کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔

فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کی افطار تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن مئی میں نہیں ہوئے تو اکتوبر بھی دور نہیں، آپ نے الیکشن کی تیاری جاری رکھنی ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک پروپیگنڈے کے تحت اس فتنے کو ملک پر مسلط کیا گیا، اور اسی طرح کا ایک اوباش ٹولہ اس فتنے کے ساتھ تھا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان لوگوں نے ایسی پالیسیاں اپنائیں کہ جن کے نتیجے میں ایک ترقی کرتا ملک ایسی حالت میں آگیا کہ اس کیلئے بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ایٹمی قوت بننے پر ایک جنرل نے ملک کو دس بارہ سالوں کیلئے دبوچ لیا، ’اس مرتبہ جنرل خود تو نہیں آئے، لیکن انہوں نے یہ ایک فتنہ جو ہے یہ نکالا اور اس بے شرم ٹولے کو اس ملک پر مسلط کردیا‘۔

کسی کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ ’یہ جو کُپی پروگرام ہے جو شام کو چھ ساتھ بجے اپنے ہوش میں نہیں ہوتا، کیا خدمت کی ہے اس نے چار سال جو ہے اس حلقے کی‘۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ’اگر ایجنسیاں ان کے ساتھ نہ ہوتیں، اسٹبلشمنٹ ان کے ساتھ نہ ہوتی تو پھر یہ قابض نہیں ہوسکتے تھے۔ اور اب اسٹبلشمنٹ نے بھی کانوں کو ہاتھ لگائے ہیں، وہ بھی کہتے ہیں کہ اتنا ۔۔۔۔۔۔ اتنا جھوٹا آدمی جو ہے اس کی مدد کرکے ہم سے جو غلطی ہوئی ہے اب اس کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی الیکشن قریب آئے گا اور شروع ہوگا میاں نواز شریف پاکستان تشریف لائیں گے اور مسلم لیگ کی الیکشن مہم کو لیڈ کریں گے ۔

رانا ثناء کے بیان پر ردعمل

وزیر داخلہ کے بیان پر پی ٹی آئی رہنما حسان خاور نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کا چودہ مئی کے الیکشن کے حوالے سے بیان افسوس ناک ہے، پاکستان جاتی عمرہ نہیں اور نہ ہی بائیس کروڑ عوام اتفاق فاؤنڈری کے ورکر ہیں۔

حسان خاور نے کہا کہ جو جنگ آپ لڑنا چاہ رہے ہیں اس کی جیت میں بھی سیاست اور جمہوریت کی ہار ہے، اگر آئین نہ رہا تو نہ جمہوریت بچے گی نہ سیاست۔

رانا ثنا اللہ کے بیان پر تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثناء سپریم کورٹ کو دھمکی دے رہے ہیں، وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ اور ہم ایک ہیں، آپ الیکشن کراکر دکھائیں، یہ تو توہین عدالت ہے، اگر بات چیت کرنی ہے تو ماحول بہتر کرنا ہوگا، ایک جانب گرفتاریاں کررہے ہیں دوسری جانب مذاکرات کی بات کررہے ہیں، ایسا نہیں ہوتا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے فواد چوہدری اور حماد اظہر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہر روز ’ہیکل اینڈ جیکل‘ ٹی وی پر مفت میں شکل دکھانے آجاتے ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں، ایک کو اس کے چئیرمن نے ہفتے بعد کان سے پکڑ کر وزارت سے نکال دیا تھا، دوسرا گالیاں دے کر چئیرمین اور اس کی بیگم کو خوش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

imran khan

Rana Sanaullah

Establishment

Punjab Elections

Politics April 17 2023