Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فواد چوہدری کی سپریم کورٹ سے ملک میں ایڈمنسٹریٹر لگانے کی استدعا

حکمران الیکشن سے بچنے کیلئے فنڈز کا بہانہ بنا رہے ہیں، حماداظہر
شائع 16 اپريل 2023 04:08pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سپریم کورٹ سے ملک میں ایڈمنسٹریٹر لگانے کی استدعا کردی۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت بے شرم ہے، عوام سپریم کورٹ کو دیکھ رہے ہیں، سپریم کورٹ ان لوگوں کو گھر بھیج کر ایڈمنسٹریٹر لگائے، عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عملد رآمد ضروری ہے، حکمرانوں کی جانب سے عدالتی فیصلوں پرعمل نہیں ہورہا۔

حکمراں اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ انھیں اپنے سیاسی قد کے مطابق بات کرنی چاہئے، فضل الرحمان قومی سطح کے لیڈر نہیں، فضل الرحمان ایک صوبائی جماعت کے سربراہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عدالتوں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے لیکن پوری قوم عدالتوں کے ساتھ کھڑی ہے، پنجاب الیکشن کے لئے کل اسٹیٹ بینک کی جانب سے پیسے ٹرانسفر ہونا ہیں، آئین کے مطابق 90 روز میں الیکشن ہونا ضروری ہیں، اس حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی ہے اور قومی اسمبلی کی قرارداد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

سیاسی ڈائیلاگ سے متعلق انھوں نے کہا کہ حکومت اور زرداری صاحب مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہیں، اگرہماری گرفتاری سے مسائل حل ہوتے ہیں تو گرفتار کرلیں، ہم نے پہلے بھی جیل بھروتحریک شروع کی تھی، ہمارے رہنماؤں کو ضمانتوں کے باوجود گرفتار کیا جارہا ہے، رہنما علی زیدی اور علی امین گنڈا پور کو اٹھالیا گیا، تحریک انصاف کےخلاف مقدمات کا جائزہ لیا جائے، دو ہفتوں میں 3100 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

فواد چوہدری نے حکومت کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ سے متعلق انکشاف پر بھی حکومت خاموش ہے، مقبوضہ کشمیر کے گورنر نے پلوامہ سے متعلق انکشاف کیا لیکن اس سے متعلق حکومت کا ردعمل نہ آنا حیران کن ہے، حکومت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر کوئی بات ہی نہیں کی جارہی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ملک میں تباہی رجیم چینج کی وجہ سے آئی ہے، پورا ملک آئین و قانون کا پابند ہے، حکمران الیکشن سے بچنے کیلئے فنڈز کا بہانہ بنا رہے ہیں، اپریل میں پی ڈی ایم پارلیمنٹرین کو 70 ارب روپے جاری کیے گئے۔

انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پیٹرول کی قیمت میں 10روپے کا اضافہ کردیا، عالمی منڈی میں پیٹرول سستا اور پاکستان میں مہنگا ہے، پاکستان کی گروتھ منفی جارہی ہے، ملک میں لاکھوں لوگ غربت کی لکیرسے نیچے چلے گئے۔

pti

PDM

Punjab KP Election Case

Punjab Elections

punjab election funds