Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

اداکار عثمان خالد بٹ کے والد ڈاکٹرخالد سعید بٹ انتقال کرگئے

اداکارنے فالوورز کو مرحوم والد کی شعبۂ فن وثقافت کیلئے خدمات سے آگاہ کیا
شائع 14 اپريل 2023 09:58am
تصویر:عثمان خالد بٹ/انسٹاگرام
تصویر:عثمان خالد بٹ/انسٹاگرام

پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف نام عثمان خالد بٹ کے والد ڈاکٹر خالد سعید بٹ گزشتہ رات لاہورمیں انتقال کرگئے۔

عثمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فالوورز کو یہ افسوسناک اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ والد کی نمازِجنازہ اُن کی خواہش کے مطابق آج بعد نمازِجمعہ دوپہر ڈھائی بجے کیولری گراؤنڈ ایکسٹینشن لاہور میں ادا کی جائے گی۔

مصنف، اداکار، تھیٹر ڈائریکٹر، کوریوگرافر اور وی لاگر عثمان خالد بٹ نے ٹویٹس میں فالوورز کو مرحوم والد کی شعبۂ فن و ثقافت کیلئے خدمات سے آگاہ کیا۔

عثمان خالد نے لکھا کہ، ’والد نے فنون لطیفہ کے میدان میں بےشمار کامیابیاں حاصل کیں اور اس شعبے میں ان کی خدمات لازوال ہیں‘۔

اداکار نے بتایا کہ اُن کے والد ڈاکٹر خالد سعید بٹ نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کے بانی ڈائریکٹر جنرل، سابق ڈائریکٹر جنرل لوک ورثہ، سابق ایم ڈی نیف ڈیک، سابق ڈی جی نیشنل حجرہ کونسل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

اس کے علاوہ عثمان خالد بٹ کے والد والد اسٹیج اور اسکرین اداکار، ہدایت کار اور مصنف بھی تھے جنہوں نے پی ٹی وی کے کئی لیجنڈری فنکاروں کو متعارف کروایا۔

مرحوم والد کی مغفرت کی دعا کی درخواست کرتے ہوئے عثمان خالد نے مزید لکھا کہ، ’ انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے جبکہ حکومتِ فرانس کی طرف سے بھی کئی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے’۔

اداکار نے فالوورزکے ساتھ اپنے جذبات و احساسات شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ، ’یہ ایک عظیم نقصان ہے لیکن اللہ سبحان و تعالیٰ نے صبر و تحمل کا حکم دیا ہے۔ برائے مہربانی میرے والد کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔‘

osman khalid butt