ہمارا وزیراعظم دنیا بھر میں مانگ کر ہمیں ذلیل کر رہا ہے، عمران خان
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا وزیراعظم دنیا بھر میں مانگ کر ہمیں ذلیل کر رہا ہے۔
لاہور میں کارکنان کے ساتھ افطاری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لاہور والوں سب سے زیادہ آپ کی ٹریننگ کر رہا ہوں، جب ضرورت پڑے تو لاہو روالوں نے نکلنا ہے، میں نے اپنی زندگی کے تجربے سے جو سیکھا وہ آپ کو سکھانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو اللہ نے اشرف المخلوقات بنایا ہے، اللہ نے فرشتوں کو بھی وہ صلاحیت نہیں دی جو انسان کو دی ہے، نماز میں ہم سیدھا راستہ مانگتے ہیں تباہی والا راستہ نہیں مانگتے اور اللہ نے سارے پیغمبروں کو انسان کو اس کی عظمت کے راستے پر لگانے کے لیے بھیجا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمارا وزیراعظم دنیا بھر میں مانگ کر ہمیں ذلیل کر رہا ہے، آپ کسی انسان کے سامنے ہاتھ پھیلائیں گے تو ذلیل ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جس معاشرے میں عدل اور انصاف ہو گا وہ ترقی کرے گا، ماضی میں چھوٹے چوروں کو سزا ملتی تھی اور بڑوں کو چھوڑ دیتے تھے جس سے قومیں تباہ ہوئیں۔
عمران خان نے کہا کہ نظام بہتر ہونے کی وجہ وسے آج لوگ یورپ جا رہے ہیں جب کہ پاکستان میں وسائل زیادہ لیکن نظام نہیں ہے، پاکستان نظام عدل میں 129 نمبر پر اور یورپ کے ملک پہلے نمبر پر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک میں انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں تاکہ خوشحالی آئے، کام کرنے والا اپنے خاندان کو چھوڑ کر ساری زندگی باہر گزار دیتا ہے کیونکہ ہم نوکریاں نہیں دے پا رہے بلکہ دنیا سے پیسے مانگ رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.