Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عید پر نئے کرنسی نوٹ ملیں گے یا نہیں، حقیقت کیا ہے

ایس ایم ایس سروس کووڈ کے دوران معطل ہوئی جو دوبارہ شروع نہیں کی گئی
شائع 13 اپريل 2023 04:49pm
عید پر لوگ بروکرز سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کرتے ہیں۔ تصویر رویٹرز
عید پر لوگ بروکرز سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کرتے ہیں۔ تصویر رویٹرز

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذرائع نے ان اطلاعات کو مسترد کیا ہے کہ مرکزی بینک نے رواں برس عید الفظر پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

”آج نیوز“ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک کبھی بھی براہ پبلک کے لیے نوٹ جاری نہیں کرتا البتہ کمرشل بینکوں کو نوٹ فراہم کیے جاتے ہیں لیکن بینکوں کو ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی جاتی کہ یہ رقم ان کے اسٹاف یا کسی اور کے لیے جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کمرشل بینکوں کے لیے کرنسی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ چند برس پہلے اسٹیٹ بینک نے ایک ایس ایم سروس شروع کی تھی جس کی بدولت ایس ایم ایس وصول کرنے والے افراد پیغام دکھا کر نوٹوں کی گڈیاں وصول کردیتے تھے تاہم یہ سروس کووڈ کے دوران بند کردی گئی۔

ترجمان کے مطابق تکنیکی مسائل کے سبب اس سروس کو دوبارہ شروع نہیں کیا گیا۔

واضح رہے عید کے موقع پر بالخصوص بچوں کو عیدی دینے کے لیے لوگ نئے نوٹوں کی گڈیاں حاصل کرتے ہیں۔

اسی بنا پر مرکزی بینک نے کووڈ سے پہلے ایک سروس شروع کی تھی جس کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کےخواہشمند افراد 8877 پر پیغام بھیجتے اور جواب میں ملنے والا پیغام متعلقہ بینک کو دکھا کر نئے کرنسی نوٹ حاصل کرتے تھے۔ پیغام بھیجنے کے چارجز ڈیڑھ روپے فی پیغام جمع ٹیکس تھے۔

کووڈ پھیلنے سے پہلے 2019 تک لوگوں نے اس سروس سے فائدہ اٹھایا تاہم وبا کے دنوں میں یہ سروس معطل کردی گئی اور اب تک دوبارہ شروع نہیں ہوئی۔

Eidul Fitr

Currency Notes

Eid 2023