Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

آئین قانون کی بالادستی کے آخری پانچ اورز کا میچ جمعہ سے شروع ہوگا، شیخ رشید

شہبازشریف اور کابینہ توہین عدالت کے ریڈار میں آسکتے ہیں، شیخ رشید
شائع 13 اپريل 2023 01:24pm

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے آخری پانچ اورز کا میچ جمعہ سے شروع ہو رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم عدولی ہو چکی ہے اور نافرمانی اور توہین عدالت کا عندیہ دے دیا گیا ہے، جس کے ریڈار میں شہبازشریف اور کابینہ آسکتے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جسٹس اعجاز افضل نے والیم 10 کے ٹکر چلا دیئے ہیں، اور والیم 10 کی گلی کوچے میں لوٹ سیل لگنے والی ہے۔ سپریم کورٹ نے ان کی 8 رکنی لارجر بینچ کی خواہش بھی پوری کردی ہے، آئین اور قانون کی بالادستی کے آخری پانچ اورز کا میچ جمعہ سے شروع ہو رہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی کابینہ ہی عدالتی فیصلے سے انکارکی جرأت کرسکتی ہے، نااہل لوگ قانون سازی کر رہے ہیں، 12 روز سے کابینہ ہر روز ایسے بیٹھ رہی ہے جیسے داتا دربار میں نیاز بانٹی جارہی ہے، ان کے پاس سوائے الیکشن کے ہر کام کے لیے پیسے ہیں، غریب کے پاس کفن دفن کے پیسے نہیں، اور وزیراعظم نے 10 توڑے آٹے کی دکان کھول رکھی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کا شکنجہ انتہائی گہرا اورسخت ہوتا ہے، نواز شریف پاکستان نہیں آئیں گے اور لندن واپس جائیں گے، کیونکہ شہباز شریف ان کی خواہشیں پوری نہیں کرسکے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف (IMF) کی سوئی عرب امارات (UAE) کے ایک ارب ڈالر پر اٹکی ہوئی ہے، امید ہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی ان کو سمجھائیں گے کہ بندے کے پتر بنو انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔

Shehbaz Sharif

Sheikh Rasheed

IMF

Sheikh Rasheed Ahmed

politics april 13 2023