Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عثمان بزدار کو عبوری ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے روبرو پیش ہونے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی
شائع 13 اپريل 2023 11:17am

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کوعبوری ضمانت کے لئے عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں عثمان بزدار کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، جسٹس طارق سلیم شیخ نےعثمان بزدار کی درخواست پر سماعت کی۔

عثمان بزدار کی جانب سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی خان میں عثمان بزدار کے خلاف 10 انکوائریز اینٹی کرپشن میں جاری ہیں، عثمان بزدار کو اینٹی کرپشن کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔

عثمان بزدار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اینٹی کرپشن کو عثمان بزدارکو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکا جائے۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ عثمان بزدار خود کہاں ہیں؟۔

سابق وزیراعلیٰ کے وکیل نے جواب دیا کہ عثمان بزدار سے بذریعہ فون رابطہ ہوا ہے وہ عدالت آنے کو تیار ہیں لیکن اس وقت دوسرے شہر موجود ہیں اور ان کی طبیعت ناساز ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر گرفتاری کا خدشہ تھا تو عدالت آنا چاہیئے تھا، عدالت چاہتی ہے کہ آپ سب سسٹم کے اندر آئیں، قانون سب کے لئے برابر ہے، اگر ضمانت لینی ہے تو عدالت پیش ہوں۔

عثمان بزدار کے وکیل نے استدعا کی کہ عثمان بزدار کو عدالت پیشی کے لئے مناسب وقت دیا جائے۔

عدالت نے عثمان بزدار کو عبوری ضمانت کے لئے روبرو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی۔

Usman Buzdar

Lahore High Court

ex cm punjab

justice tariq saleem sheikh

politics april 13 2023