Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پٹھان ورسز ٹائیگر میں ایکوا مین کی انٹری متوقع

فلم ’ٹائیگر ورسزپٹھان‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کریں گے، رپورٹ
شائع 12 اپريل 2023 04:44pm

گزشتہ چند دنوں سے بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور شاہ رخ خان کی نئی فلم’ ٹائیگر ورسزپٹھان’ کے بارے میں خبریں گردش کر رہی ہیں، تاہم اب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس فلم میں ہالی ووڈ اداکارجیسن موموا ولن کا کردار نبھائیں گے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک ٹویٹ سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیسن موموایش راج فلمز کی اگلی جاسوسی تھرلر میں ولن کا کردار ادا کریں گے۔ اگرچہ اس خبر کی ابھی آفیشل تصدیق نہیں کی گئی ہے لیکن سوشل میڈیا پر اطلاع کے آتے ہی مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

جیسن موموا امریکی اداکار ہیں جنہوں نے ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’ایکوا مین‘میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔’ایکوا مین‘وارنر برادرز کی سائنس فکشن فلم ہے۔ اس فلم نے ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے’جسٹس لیگ’اور ونڈر ویمن جیسی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

واضح رہے کہ فلم ’ٹائیگر ورسزپٹھان‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کریں گے۔ اس فلم میں سلمان خان اور شاہ رخ خان کو بھارتی جاسوس کے طور پر دکھایا جائے گا۔

دونوں اداکاروں نے اپنی فلموں پٹھان اور ٹائیگرمیں بھی ایجنٹ کا کردارادا کیا تھا اوراس نئی فلم میں بھی دونوں بالی ووڈ اداکار اپنی اپنی فلموں میں نبھائے جانے والے کرداروں ہی میں نظر آئیں گے۔

سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’ پٹھان’ میں سلمان خان مختصر کردار میں نظر آئے تھے۔

قبل ازیں میڈیا ذرائع سے یہ بات بھی سامنے آئی تھیں کہ کترینہ کیف اور دیپیکا پڈوکون کو بھی نئی میگا سٹار فلم میں کاسٹ کیا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ اگر یہ سچ ہے تو پھرغضب ہوجائے گا جبکہ ایک صارف کے مطابق ہمیں شدت سے اس مووی کا انتظار رہے گا۔

Salman Khan

Shahrukh Khan

Jasson momoa