آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون ہوگا؟ پارلیمانی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری
نئے وزیراعظم کے لئے عمران خان نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا، جب کہ وزارت عظمیٰ کی دوڑ کیلئے پارلیمانی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری ہے۔
سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد اب آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون ہوگا، اس کا فیصلہ لاہور میں ہوگا، جس کے لئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
عمران خان کی زیرصدارت آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام زمان پارک میں ہوگا، جس میں شرکت کے لئے قائم مقام وزیراعظم خواجہ فاروق، سابق وزیراعظم تنویر الیاس لاہور روانہ ہوگئے ہیں۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نئے وزیراعظم کیلئے پی ٹی آئی قیادت مختلف ناموں پر غور کرے گی، اسی حوالے سے سردارعبدالقیوم نیازی نےگزشتہ رات عمران خان سےملاقات کی تھی۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کی دوڑ جیتنے کے لئے پارلیمانی جماعتوں میں جوڑ توڑ جاری ہے، پیپلزپارٹی، ن لیگ، جموں کشمیر پیپلزپارٹی کی قیادتیں آپس میں رابطے میں ہیں، اور اس حوالے سے خود سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور موجودہ وزیرخارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی متحرک ہوگئے ہیں۔
آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی کا ایوان 53 ارکان پرمشتمل ہے، پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کو 32 جب کہ متحدہ اپوزیشن کو 20 ارکان کی حمایت حاصل ہے، اور متحدہ اپوزیشن کو حکومت بنانے کیلئے صرف 7 اراکین کی حمایت درکار ہے۔
Comments are closed on this story.