Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

قومی اسمبلی : اسحاق ڈار نے پنجاب خیبرپختونخوا انتخابات اخراجات بل پیش کردیا

پی ٹی آئی سینیٹرز کی اسپیکر ڈائس کے سامنے نعرے بازی
اپ ڈیٹ 10 اپريل 2023 05:39pm

وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں پنجاب خیبرپختونخوا انتخابات اخراجات بل پیش کردیا۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے منی بل 2023 ایوان میں پیش کردیا، اور اسپیکر نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوادیا۔

منی بل اس اعتبار سے عام قانون سے مختلف ہے کہ منظوری کی صورت میں صدر مملکت کے پاس اس بل کو روکنے کا اختیار نہیں اور انہیں دس دن کے اندر دستخط کرنا ہوتے ہیں۔ جبکہ عام بل کو صدر مملکت نظرثانی کیلئے واپس بھیج سکتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹراسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کابینہ نےالیکشن اخراجات بل قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا، اب ایوان فیصلہ کرے کہ رقم الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے یا نہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 2017 میں گروتھ ریٹ 6 فیصد ہوچکا تھا، ملک میں مہنگائی کی شرح صرف2 فیصد تھی، نوازشریف کےدور میں ملک میں خوشحالی تھی۔ 2018 میں سلیکٹڈ حکومت کو لایا گیا، جس نے معیشت کو برباد کردیا، گزشتہ سال سلیکٹڈ حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے نکالا گیا، سابقہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ کردیا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ منتخب حکومت کے سامنے سازشوں کے جال بچھا دیئےگئے، حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا، اگلا مرحلہ ملک کو خوشحال بنانا ہے، لیکن پی ٹی آئی قیادت ملک میں مایوسی اورانتشارپھیلاناچاہتی ہے، ان کی خواہش ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوسکے، میرے امریکا کے دورے کی منسوخی پر بھی پروپیگنڈہ کیاگیا، یہ وطن عزیز کی جنگ ہنسائی کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں ریاست کو سیاست پر ترجیح دی، سیاسی نقصان کے باوجود ملک کی معیشت کو بہتر بنایا، اور سابقہ حکومت کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پورا کیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے ملک کو 14ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، متاثرین کی بحالی کیلئے16ارب ڈالر کی ضرورت ہے، عالمی سطح پر خوراک کی قیمتوں میں14فیصداضافہ ہوچکاہے، خوراک کی درآمد کیلئے ڈالر میں ادائیگی کرنی ہوتی ہے، دنیا میں توانائی کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان دور میں گردشی قرضوں میں 1300 ارب کا اضافہ ہوا، ہم ایک سال میں 12 ارب ڈالر قرض واپس کر چکے ہیں، کمزور طبقے کو 23 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارےمیں واضح کمی آئی ہے، تجارتی خسارے میں 35 فیصد کمی آئی ہے، برآمدات، ٹیکس محصولات میں اضافہ کیا گیا، زرمبادلہ کی گراوٹ کو کنٹرول کیا گیا۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے بل سینیٹ میں بھی پیش کردیا، جسے چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کےسپرد کردیا۔ چیئرمین سینیٹ نے منی بل پر سینیٹرز کی تجاویز طلب کرلیں، اس دوران اپوزیشن کی جانب سے بل پیش کئےجانے پر احتجاج اور نعرے بازی کی گئی۔

پی ٹی آئی سینیٹرز کی نعرے بازی

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی سینیٹرز نے الیکشن کراؤ ملک بچاؤ کے نعرے لگائے۔ پی ٹی آئی سینیٹرز نے اسپیکر ڈائس کے سامنے آکر نعرے بازی کی جبکہ اسپیکر نے نعرے لگانے والے ارکان سے کہا کہ تشریف رکھیں، آپ کو بات کرنے کا موقع ملے گا۔

Ishaq Dar

parliament of pakistan

Supreme court practice and procedures bill

politics April 10 2023