این اے 118 اور 108 کے ضمنی انتخابات کی منسوخی پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری
لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118 اور 108 کے ضمنی انتخابات کی منسوخی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیے۔
عدالت نے دونوں حلقوں میں ضمنی انتخابات کی منسوخی کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے 12 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے حکم امتناعی کی درخواست پر بھی الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ 8 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں فرخ حبیب اور اعجاز شاہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 اور این اے 118 کے ضمنی انتخابات کی منسوخی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کے عام انتخابات کے لئے 120 دن سے کم کا عرصہ رہ گیا، 120 دن سے کم کا عرصہ ہو تو ضمنی انتخابات نہیں ہوسکتے، 120 دن سے کم عرصے کے لئے ضمنی انتخاب کرانا قانون کے منافی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 118 اور 108 میں ضمنی انتخاب کو منسوخ کیا جائے۔
Comments are closed on this story.