Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو خاص جگہ سے حمایت مل رہی ہے، شرجیل میمن

مخصوص لوگ غیر آئینی کاموں میں عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں، رہنما پی پی پی
شائع 09 اپريل 2023 02:04pm

وزیراطلاعات سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو خاص جگہ سے حمایت مل رہی ہے، اور مخصوص لوگ غیر آئینی کاموں میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ جعلی وزیراعظم عمران خان کو آئین پر رہتے ہوئے اقتدارسے نکالا اور قانونی طور پر عہدے سے ہٹایا گیا، یہ واحد وزیراعظم تھے جنہیں آئینی طریقے سے گھر بھیجا گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نےعوام کوتقسیم کرنے اور اداروں کومتنازع بنانے کی کوشش کی، ان کی وجہ سے معیشت پر بہت دباؤ ہے، اور آج تک وہ شخص ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے درپے ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان میچ فکسڈ کیے بغیرمیچ نہیں کھیلتے، ان کو آج بھی سپورٹ حاصل ہے، اور ایک خاص جگہ سے حمایت مل رہی ہے، مخصوص لوگ غیر آئینی کاموں میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان مکمل طور پر کرپشن میں ڈوبےہوئے ہیں، اور پی ٹی آئی مقدمات میں تاخیری حربے استعمال کررہی ہے، پیپلز پارٹی پنجاب میں الیکشن کیلئے تیار ہے، اور الیکشن سے نہیں بھاگ رہی، ہم اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ ماہ رمضان میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، حکومت کی جانب سے سندھ کےعوام کو آٹے کی مد میں سبسڈی دی جارہی ہے، سستے آٹے کی مہم رمضان بھر چلے گی، 50 ہزار سے کم آمدنی والوں کو 65 روپے کلو آٹا دیا جا رہا ہے، فی خاندان کو 2 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں، اور اب تک 29 لاکھ سے زائد خاندان رقم وصول کرچکے ہیں،

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں مزید بس سروسز شروع کی جارہی ہیں، 13 اپریل کو ملیر میں ای وی بسز سروس شروع کررہے ہیں، 14 اپریل کو ایک اور روٹ شروع ہوگا، وزیر اعلی کی ہدایت پرعوام کو ریلیف دے رہے ہیں، بس آپریٹرز کو ہونے والانقصان سندھ حکومت پورا کرے گی، حکومت سندھ عوام پر مزید کوئی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی۔

PPP

Sharjeel Inam Memon

ٰImran Khan