Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی عرب اور حوثیوں کا 6 ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق

سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کے بعد یمن میں بھی اہم پیشرفت سامنے آگئی
شائع 09 اپريل 2023 11:28am
حوثی جنگجو ٹرک میں سوار ہیں۔ تصویر: روئٹرز/ فائل
حوثی جنگجو ٹرک میں سوار ہیں۔ تصویر: روئٹرز/ فائل

سعودی عرب اور ایران میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد یمن میں بھی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور حوثیوں نے چھ ماہ کی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور جنگ بندی کا مقصد دو سال کے عبوری سیٹ اپ پر تین ماہ کے مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔

ایران نے سعودی اور یمن کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ یمن میں جنگ بندی اور امن کے لیے عمان کی ثالثی میں مذاکرات ہوئے۔

عمان کا وفد حوثیوں سے جنگ بندی اور امن پر بات چیت کے لیے یمن پہنچا، وفد کے ساتھ حوثیوں کے مذاکرات کار محمد عبدالسلام بھی یمن پہنچے تھے۔

محمد عبدالسلام کا کہنا ہے یمن سے غیرملکی فورسز کے انخلا، معاوضوں اور تعمیر نو کا مطالبہ کیا ہے اور جارحیت کو مکمل طور پر روکنا اور ناکہ بندی کو ختم کرنا ہوگا۔

حوثی عہدیدار کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے رہا کیے گئے 13حوثی قیدی صنعا پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل حوثیوں نے ایک سعودی قیدی کو رہا کردیا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ طے پایا تھا، جس میں چین نے اہم کردارادا کیا تھا۔

Saudi Arabia

yemen

Houthis