Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

چیف جسٹس کی ساکھ خراب ہوچکی، عہدہ چھوڑ دینا چاہئے،مریم اورنگزیب

چیف جسٹس نے ناقابل سماعت پٹیشن پر 3 رکنی بینچ بنایا، وفاقی وزیر اطلاعات
شائع 07 اپريل 2023 05:47pm
فوٹو۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔ اسکرین گریب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جسٹس اطہرمن اللہ کا فیصلہ عدالتی کارروائی پرسوالیہ نشان ہے، چیف جسٹس نے ناقابل سماعت پٹیشن پر3 رکنی بینچ بنایا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے چیف جسٹس سےمستعفی ہونےکا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی ساکھ خراب ہوچکی ہے انھیں عہدہ چھوڑ دینا چاہئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہرمن اللہ کا پنجاب کے پی الیکشن التوا کیس سے متعلق اختلافی نوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جسٹس اطہرمن اللہ کا فیصلہ بہت اہم ہے ان کا فیصلہ عدالتی کارروائی پرسوالیہ نشان ہے۔

انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ناقابل سماعت پٹیشن پر3 رکنی بینچ بنایا، ججز کی اکثریت پٹیشن کو مسترد کرچکی تھی، اکثریتی فیصلے کو مسترد کرکے اقلیتی فیصلے کو مان لیا گیا، سپریم کورٹ کے چار سینئر ججز نے کہا کہ پٹیشن قابل سماعت نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے سپریم کورٹ سے فل کورٹ کی اپیل کی، پنجاب کے پی الیکشن التوا کیس میں عدالتی فیصلے پر سپریم کورٹ میں بھی تقسیم ہے، کیسے مان لیا جائے کہ فیصلہ آئین کے مطابق اور شفاف ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ متنازع بینچ کے فیصلے کو حکومت پر مسلط کردیا گیا، آئین شکن لاڈلے کی سہولت کاری قبول نہیں، لاڈلے نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سے آئین شکنی کروائی، الیکشن کمیشن کے آئینی کردارمیں مداخلت کی گئی، الیکشن کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، عمران خان نے نہیں، اب یہ ثابت ہوچکا ہےکہ ملک میں عمران داری ہورہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب کے پی الیکشن التوا کیس میں 13 جماعتوں کو کیوں نہیں سنا ، 22 کروڑ عوام بھیڑ بکریاں نہیں جو انہیں کچھ نظر نہ آئے، آئین کی غلط تشریح اور اختیارات کا غلط استعمال کیا گیا، سازشی ٹولے کو ملک اور ملکی مفادات سے کوئی سروکار نہیں، کسی کو بھی آئین کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔

PDM

Supreme Court of Pakistan

Punjab KP Election Case

Politics April 7 2023