نجی فیکٹری بھگدڑ سے ہلاکتوں کا کیس: فیکٹری مالک سمیت تمام ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد
کراچی کی مقامی عدالت نے سائٹ کی فیکٹری میں بھگدڑ کے دوران اموات کے مقدمے میں فیکٹری مالک سمیت دیگرملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔
فیکٹری مالک عبدالخالق سمیت دیگرملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی عدالت نے ریمارکس دیئے مقدمے کے ابتدائی مرحلے پرضمانت نہیں دی جاسکتی، چالان آنے کے بعد ملزمان کے کردارکے پیش نظر ضمانت کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
وکیل ملزم کے وکیل نے کہا کہ میرے موکل کی جانب سے اپنے فیکٹری کے فوت ہوجانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو رقم دی جارہی تھی، یہ معاملہ ہرسال اسی طرح ہی ہوتا اس بار لوگوں نے دھاوا بول دیا۔
وکیل نے مزید کہا کہ واقعہ حادثاتی طورپر رونما ہوا موکل کا اس میں کوئی قصور نہیں ہے جس وقت بھگدڑمچی ہوئی اس موقع پرفیکٹری مالک موجود نہیں تھے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزمان کیخلاف غفلت، لاپرواہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جبکہ ملزمان نے اس حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ نہیں کیا تھا، ان کی لاپرواہی سے واقعہ رونما ہوا ہے۔
یاد رہے کہ سائٹ ایریا میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے 12 افراد کے جان سے جانے کا افسوسناک واقعہ فیکٹری انتطامیہ کی غفلت کے باعث پیش آیا تھا۔
Comments are closed on this story.