Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور ہائیکورٹ کا جائیدادوں پر ٹیکس کے حوالے سے بڑا فیصلہ

لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکس کے نفاذ کے خلاف 1200 سے زائد درخواستیں منظور کرلیں۔
شائع 06 اپريل 2023 08:02pm
لاہور کے ایک محلے کا فضائی منظر (علامتی تصویر)
لاہور کے ایک محلے کا فضائی منظر (علامتی تصویر)

لاہور ہائیکورٹ نے جائیدادوں پر ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے بڑا فیصلہ سنادیا، عدالت عالیہ نے رہائش کے علاوہ اضافی پلاٹوں پر ٹیکس کا نفاذ کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹیکس کے نفاذ کے خلاف 1200 سے زائد درخواستیں منظور کرلیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے محمد عثمان گل سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے محمد محسن ورک ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء پیش ہوئے۔

وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت سمیت دیگرز کو فریق بناتے ہوئے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ اضافی پلاٹوں پر ٹیکس لگانا انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن سیون ای کے تحت صوبوں کا اختیار ہے۔ وفاقی حکومت کا ٹیکس لگانا خلاف آئین ہے۔

درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ اضافی پلاٹوں پر انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن سات ای کو خلاف آئین قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے ٹیکس کے نفاذ کے خلاف 1200 سے زائد درخواستیں منظور کرتے ہوئے ٹیکس کے نفاذ کو کالعدم قرار دے دیا۔

درخواست گزاروں نے 2022 میں اضافی پلاٹوں پر ٹیکس کے نفاذ کو چیلنج کیا تھا۔

Lahore High Court

Property Tax