Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن کمیشن کی پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی ہنگامی تیاریاں

الیکشن کمیشن کا وزارت خزانہ، داخلہ اور دفاع کو خطوط لکھنے پر کام شروع
شائع 06 اپريل 2023 04:16pm

الیکشن کمیشن نے اگلے ماہ شیڈول پنجاب انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابات کی ہنگامی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن انتخابی انعقاد پر متحرک ہوچکی ہے، اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کے تمام ونگز کے حکام سے ملاقاتیں کیں، اور حکام کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ، داخلہ اور دفاع کو خطوط لکھنے پر کام شروع کردیا ہے، اور چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب کو خط کی تیاری بھی جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے کوآرڈینیشن، لیگل، الیکشنز ونگز کو ہدایات جاری کردی ہیں، الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو مراسلے بھی جاری کردیے ہیں، اور انتخابی عملے کو الیکشن شیڈول پر عملدرآمد فوری شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 11 اپریل تک انتخابات کی تیاریوں کی حوالے سے سپریم کورٹ کو رپورٹ جمع کرانی ہے۔

Supreme Court of Pakistan

punjab election

Election Commission of Pakistan (ECP)