Aaj News

جمعہ, اکتوبر 18, 2024  
14 Rabi Al-Akhar 1446  

سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ گیس سے محروم ہے، وزیر توانائی سندھ

امتیاز شیخ کا گیس کی لوڈشیڈنگ پر ردعمل، سندھ حکومت عوام کیساتھ کھڑی ہے
اپ ڈیٹ 06 اپريل 2023 02:22pm
تصویر/ سوشل میڈیا
تصویر/ سوشل میڈیا

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے صوبے میں جاری گیس کی لوڈشیڈنگ پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ گیس سے محروم ہے، سندھ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں گیس کی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے اور گیس کی بندش کے باوجود سوئی سدرن کی جانب سے بلوں میں اضافہ ظلم ہے، سوئی سدرن گیس کی تقسیم کے عمل میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ گیس سے محروم ہے سندھ کی گیس اس کی اپنی ضرورت سے کئی گناہ زیادہ ہے، سوئی سدرن اور اوگرہ کی ہٹ دھرمیوں کی وجہ سے صوبے کی عوام کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔

امتیاز شیخ نے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن اور اوگرہ میں سندھ کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے اس کے ساتھ ہی انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت ہونے کے باوجود آئین کے آرٹیکل 158 کی پاسداری نہیں کی جارہی۔

مزید کہا کہ سندھ کی قدرتی گیس سوئی نادرن کو دینا صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے، جب تک صوبے کی عوام کی ضرورت پوری نہیں ہوتی سوئی نادرن کو گیس کی سپلائی بند کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی گیس ہونے کے باوجود سندھ کےعوام سے ایل این جی کی مد میں اظافی رقم کا تقاضہ مسترد کرتے ہیں، گیس کی بندش اور اضافی بلوں پر ہم عوامی احتجاج کا سامنا کر رہے ہیں۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ عوام کا احتجاج ان کا حق ہے سندھ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اضافی بلوں کی واپسی کے لیے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔

karachi

gas load shedding

Gas Loadshedding