Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی کا یومِ تشکر منانے کا اعلان

اکتوبر میں بھی ہم نہیں بلکہ حکومتی جماعتیں کمزور ہوں گی، پی ٹی آئی چیئرمین
شائع 04 اپريل 2023 10:11pm
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سپریم کورٹ کے پنجاب میں الیکشن کرانے کے حکم پر کل یومِ تشکر منانے کا اعلان کردیا۔

ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنان سے خطاب میں عمران خان نے یوم تشکر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، سپریم کورٹ کی فوج عوام ہے، لہٰذا کل ہم نماز عشاء کے بعد جشن منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی دو حکومتیں ختم کیں، جو عدالت شریفوں کے خلاف فیصلہ کرنے جاتی ہے یہ ان کے خلاف مہم چلاتے ہیں، ان لوگوں نے مخالفین کی جہازوں سے تصاویر پھینکی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں خوف تھا کہ یہ بینچ کو تقسیم کریں گے، آج کا فیصلہ آئین کی جیت ہے، ہمارا روڈ میپ اب الیکشن کا ہے، البتہ ہم نے سنا حکومت فیصلہ نہیں مانے گی جوکہ ایک نئی چیز ہے۔

الیکشن التواء کیس کے فیصلے پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہم پر الزام لگاتے ہیں ہم اداروں کے خلاف ہیں لیکن یہ کھل کر ججز اور ان کی فیملیز پر حملے کر رہے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی قوم حفاظت کرتی ہے، لہٰذا اس فیصلے کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قوم تب آزاد ہوتی ہے جب انصاف کا نظام ان کی حفاظت کرے، یہ نہیں ہو سکتا کہ کمزور کے لیے ایک اور طاقتور کے لیے دوسرا قانون ہو، آئین کہتا کہ الیکشن 90 دن میں ہوں جب کہ اکتوبر میں بھی ہم نہیں بلکہ حکومتی جماعتیں کمزور ہوں گی۔

pti

imran khan

Supreme Court of Pakistan

Punjab KP Election Case

Politics April 4 2023