عمران خان کی عدالت طلبی کے بعد 3 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور
انسددا دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان عدالت میں پیش ہوگئے جہاں ان کی 3 مقدمات میں 13 اپریل تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر کی رخصت کے باعث عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری درخواست ضمانت پر عبہر گل خان نے بطور ڈیوٹی جج سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سخت سیکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، احاطہ عدالت میں اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی اے ٹی سی کے باہر تعینات تھی۔
عدالت نے عمران خان کی 3 مقدمات میں 13 اپریل تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے روانہ ہوگئے۔
وکیل نے ڈیوٹی جج عبہر گل کے روبرو عدالت کو بتایا کہ عمران خان شامل تفتیش ہو گئے ہیں، کچھ سوالات کے جوابات انہوں نے دیے ہیں۔
اس سے قبل صبح لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور ظل شاہ قتل کیس کے مقدمے میں عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کی تھی۔
عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ عمران خان 11 بجے تک پیش ہوں ورنہ قانون کے مطابق فیصلہ ہو گا۔
انسداددہشت گردی کی عدالت کے جج عبہر گل نے کہا کہ جو عدالت میں آئے گا اسے ریلیف ملے گا، عمران خان کے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں ہوئے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیتے ہیں۔
عدالت نے سماعت 11 بجے تک ملتوی کر دی تھی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
عمران خان کی 3 مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست
اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے 3 مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان لاہور میں ہیں، سیکیورٹی خطرات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے، عدالت ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 11 بجے تک پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
جلاؤ گھیراؤ کیس: فواد چوہدری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانت خارج
دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور کارسرکار میں مداخلت کے کیس کی سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور حماد اظہر عبوری ضمانت میں عدالت پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے عدم پیروی پر فواد چوہدری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانت خارج کردی۔
Comments are closed on this story.