Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مفت آٹا اسکیم کو متنازع بنایا جارہا ہے، مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی کی قیادت عوام کو گمراہ کرنے سے باز رہے، ترجمان حکومت پنجاب
شائع 02 اپريل 2023 04:52pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو غم ہے کہ وزیراعظم غریبوں کو مفت آٹا کیوں دے رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت نے بھی پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عوام کا آٹا اور چینی لوٹنے والے مفت آٹا اسکیم کو متنازع بنارہے ہیں، پنجاب کے عوام کو مفت آٹا ملے تو انہیں تکلیف ہوجاتی ہے، یہ عوامی منصوبوں کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ چار سال پہلے کیڑے والی گندم عمران خان نے منگوائی ہوگی، انھیں غم ہے کہ وزیراعظم غریبوں کو مفت آٹا کیوں دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کی ترقی اور مہنگائی کم کرنے کا سوچتے ہیں، انھوں نے ترقی کے بند تمام منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا، سیاسی یتیم تمام سازشیں ناکام ہونے کے بعد عوام کے مفت آٹے کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔

دوسری طرف ترجمان حکومت پنجاب نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی عدم دستیابی کا پروپگنڈہ ہے، مفت آٹا کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے، پی ٹی آئی کی قیادت عوام کوگمراہ کرنے سے باز رہے۔

ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق مفت آٹا براہ راست غریب کو ریلیف ہے، پی ٹی آئی سےغریب کا چولہا جلتا برداشت نہیں، عوامی فلاح کے منصوبوں کو نشانہ بنا رہی ہے، کسی بھی جگہ سے آٹے کی قلت کی اطلاعات نہیں، حکومت اوپن مارکیٹ میں بھی سپلائی یقینی بنا رہی ہے۔

pti

food inflation

free flour