Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خاتون جج کو دھمکیاں دینے والے ججز کے احترام کا بھاشن دے رہے ہیں، وزیرداخلہ

دو مداریوں کے ہاتھ تین ڈگڈگیاں ہیں جو وہ زور زور سے بجا رہے ہیں، رانا ثنااللہ
شائع 02 اپريل 2023 04:51pm

وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ خاتون جج کو دھمکیاں دینے والے آج ججز کے حامی و ترجمان بن گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ڈبہ پیر (شاہ محمود قریشی)، فواد چوہدری، عمران کا ڈاکو (پرویز الہیٰ ) اور دانشور منتظر ہیں کہ کب عمران نااہل ہو اور وہ پارٹی قیادت سنبھالیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ زمان پارک کا رنگ باز اور ملتان کا ڈبہ پیر سپریم کورٹ کے اکثریتی ججوں کی رائے کی توہین کررہے ہیں، دو مداریوں کے ہاتھ تین ڈگڈگیاں ہیں جو وہ زور زور سے بجا رہے ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ خاتون جج کو دھمکیاں دینے والے آج تین ججوں کے حامی وترجمان بن گئے ہیں، جسٹس قاضی فائزعیسی کے خلاف جھوٹا ریفرنس دائرکرنے والوں کوعدلیہ اور ججوں کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران شیطانی ٹولہ ہمیشہ آئین، انصاف اور عوام کے خلاف کھڑا ہوتا ہے، عدالت پہ پتھر مارنے والے بے شرم، جج کو گالی اور دھمکی دینے والے آج عدالت کے احترام کا بھاشن دے رہے ہیں۔

Rana Sanaullah

Politics April 1 2023