Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بھٹو کے بنائے آئین کو زرداریوں نے برباد کردیا، شاہ محمود قریشی

مسلم لیگ ن نے آئین پر حملے کا فیصلہ کرلیا ہے، رہنما پی ٹی آئی
شائع 02 اپريل 2023 01:44pm

سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھٹو کے بنائے آئین کو زرداریوں نے برباد کردیا ہے، اور مسلم لیگ ن نے آئین پر حملے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کراچی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم اجلاس کا اعلامیہ جاری ہوا جو قابل غور ہے، مسلم لیگ ن نے آئین پر حملے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور راناثنااللہ نے ججز پر براہ راست حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جو آئین ذوالفقار بھٹو نے بنایا تھا اسے زرداریوں نے برباد کیا ہے، آج نواسے نے نانا کے آئین پر حملہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور 73 کے آئین کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ ایسا قائد حزب اختلاف چاہتے ہیں جو سرکار کی زبان بولے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ کل ایک بہت اہم کیس میں پیشرفت ہونی ہے، سپریم کورٹ کے3 فاضل ججز نے ہماری پٹیشن پر رائے قائم کرنی ہے، آئین کی تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئین کہتا ہے 90 روز میں نئے انتخابات ہونے ہیں، اس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا،الیکشن کمیشن تسلیم بھی کرچکا ہے، لیکن الیکشن میں تاخیر کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، ہمیں اسمبلیوں میں جانے کا شوق نہیں، نئے الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت جو یہ بل لانا چاہ رہی ہے ہم سمجھتےہیں وہ آئینی ترمیم کے بغیرممکن نہیں، آزاد عدلیہ کے بغیر خود مختار جمہوریت ہو ہی نہیں سکتی، آج 1997 کی تاریخ دہرانے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان کی سیاسی جماعتوں کوآج فیصلہ کرنا ہوگا۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

Supreme Court of Pakistan