Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کا ن لیگ کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کیلئے ریفرنس پر غور

سپریم کورٹ کے ججز کی حالیہ تقسیم کے پیچھے نواز شریف کا ہاتھ ہے، عمران خان
اپ ڈیٹ 02 اپريل 2023 07:03pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حریف سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کی بحیثیت پارٹی رجسٹریشن منسوخ کرنے کیلئے ریفرنس پر غور کررہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کی حالیہ تقسیم کے پیچھے نواز شریف کا ہاتھ ہے۔

تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لئے مشاورت شروع کردی ہے، اس حوالے سے رہنما پی ٹی آئی ‏فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی بحیثیت پارٹی رجسٹریشن منسوخ کرنے کیلئے ریفرنس پر غور کیا جارہا ہے۔

مرکزی سینئر نائب صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ایک مفرور ملزم الیکشن ایکٹ کی صریحاْ خلاف ورزی کرتے ہوئے اس پارٹی کے فیصلے کر رہا ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے اعلان کیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کو تسلیم نہیں کرتے، یہ اعلان بذات خود آئین کے آرٹیکل 6 کی زد میں ہے۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے سپریم کورٹ کے خلاف بات کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سخت ردعمل دیا ہے۔

اردو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز کی حالیہ تقسیم کے پیچھے نواز شریف کا ہاتھ ہے اور یہ ان کی پرانی روش ہے۔ اس میں نواز شریف کا بہت بڑا ہاتھ ہے، انھوں نے سپریم کورٹ کو 1997 میں بھی اپنے مفادات کے لیے تقسیم کیا تھا۔ موجودہ سارے معاملے میں بھی نواز شریف سو فیصد اس کے پیچھے ہیں، بیانات دیے جارہےہیں، اس کی بیٹی ججز کے پیچھے بیانات دے رہی ہے۔

عمران خان نے پی ڈی ایم کی طرف سے سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کا فیصلہ نہ ماننے کے اعلان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ ہیں کون فیصلہ نہ ماننے کے لیے، آپ کی حیثیت کیا ہے؟ ملک کا آئین تو، سپریم کورٹ کے ہاتھ میں ہے فیصلہ آئین کی تشریح کرنے کا۔ آپ کون ہوتے ہیں جب سپریم کورٹ کہہ رہی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ان کی جماعت عدالت عظمٰی کا بھرپور ساتھ دے گی،ہم بالکل کھڑے ہوں گے، سپریم کورٹ کو پوری قوم بیک کرے گی، آپ دیکھتے رہیں۔ ساری قوم کھڑی ہوگی سپریم کورٹ کے ساتھ۔ سارے پاکستان کی قانونی برادری کو پتہ ہے کہ نوے دن میں الیکشن ہونے چاہیں، سب کو پتہ ہے، آپ کہہ رہے ہیں کہ نوے دن سے آگے چلے جائیں،آپ ہیں کون کہنے والے کہ ہم نہیں مانتے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننے کا مطلب پاکستان میں آئین اور قانون ختم ہو گیا، اس کا مطلب جنگل کا قانون آ گیا۔ اس کا مطلب کہ آپ فیصلہ کریں گے کہ کون سا سپریم کورٹ کا فیصلہ میں نے ماننا ہے یا میں نے نہیں ماننا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہمارے خلاف فیصلہ دیا اور انہوں نے الیکشن مسترد کرکے شہباز شریف کو بنا دیا، ہم نے تو قبول کر لیا، لیکن تب وہ سپریم کورٹ ٹھیک تھا۔ آج وہ سوموٹو ایکشن لے رہا ہے اور ان کو لگ رہا ہے کہ ان کے خلاف جائے گا اب یہ سپریم کورٹ کو متنازع بنا رہے ہیں۔ ان کی تاریخ ہے، سجاد علی شاہ کی عدالت پر حملہ کیا تو اس نے توہین عدالت لگا دی، عدالت پر حملہ کر دیا پھر رشوت دے کر جج خرید لیے، اس کی تو تاریخ ایسی ہے۔

pti

PMLN

Fawad Chaudhary

Politics April 1 2023