تحریک انصاف کے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا آغاز
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد عمر اور اعجاز چوہدری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے منصورہ، لاہور میں ملاقات کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا آغاز کردیا۔ رہنما پی ٹی آئی اسد عمر اور اعجاز چوہدری نے منصورہ میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی میں رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ پی ٹی آئی سینئر رہنما اور جماعت اسلامی قیادت اس بات پر بھی ہم خیال نظر آئے کہ مسائل سے نکلنے کا واحد راستہ متفقہ آئین اور جمہوری نظام ہے۔
دوسری طرف عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالہٰی نے بھی مختلف جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔
پرویزالہیٰ نے ایم کیو ایم کنوینئر خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور وسیم اختر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پی ٹی آئی صدر نے عوامی تحریک کے حسن محی الدین اورخرم نواز گنڈا پور کو بھی فون کیا۔ پرویزالہٰی نے علامہ زبیر احمد سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
سابق وزیراعلیٰ نے تمام رہنماؤں سے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست پر بھی مشاورت کی۔
ادھر وائس چئیرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں مجلس وحدت المسلمین کی قیادت سے ملاقات کی۔ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے شاہ محمود قریشی کی ملاقات میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور سپریم کورٹ میں جاری الیکشن کیس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف کا سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہ ماننے کا بیان خطرناک ہے، شاہ محمود مجلس واحدت مسلمین سے مختلف معاملات پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے، شاہ محمود
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے گزشتہ روز دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے فیصلے قبول نہیں کریں گے، انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ میں پیر کو دوبارہ سماعت ہوگی، کیس میں طے کیا جانا ہے کہ نوے دن میں انتخابات کس نے اور کیسے کرانے ہیں۔
Comments are closed on this story.