سپریم کورٹ اپنے گھر کے اندرکی آوازیں بھی سنے، وزیر قانون
وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اپنے گھر کے اندرکی آوازیں بھی سنے، آئینی بحران پیدا ہو گیا تو صورتحال مزید سنگین ہو جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہئوے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں اہم مقدمے کی سماعت چل رہی ہے، سماعت کرنے والا 9 رکنی بینچ 5 رکنی بینچ میں تبدیل ہوا، اور 3 ارکان پر رہ گیا۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ عدالت میں آج جو سماعت ہوئی وہ سب کے سامنے ہے، معاملہ ایک بار فل کورٹ میں جانا چاہئے، اسلام آباد بار کونسل نے بھی فل کورٹ کی استدعا کی ہے۔
اعظم نذیرتارڑ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اپنے گھر کے اندر کی آوازیں بھی سنے، اقلیتی فیصلوں کے نفاذ کی کوشش کریں گے تو بحران ہوگا، ملک پہلے ہی سیاسی بحران سے گزر رہا ہے، اگر آئینی بحران بھی پیدا ہو گیا تو صورتحال مزید سنگین ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کل اہم اجلاس طلب کررکھا ہے، اتحادی جماعتیں اپنےلائحہ عمل طے کریں گے، گفت وشنید سے تمام مسائل کا حل ہونا چاہئے۔
Comments are closed on this story.