Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پوری قوم چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کےساتھ کھڑی ہے،فوادچوہدری

عدالت نے فل کورٹ کی استدعا مسترد کردی ہے، شاہ محمود قریشی
اپ ڈیٹ 31 مارچ 2023 05:35pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پوری قوم چیف جسٹس اورسپریم کورٹ کےساتھ کھڑی ہے، سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امید ہے انتخابات عوامی توقعات کے مطابق ہوں گے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تین ماہ الیکشن آگے بڑھانے سے کیا ہو جائے گا اس دوران ملکی مسائل میں اضافہ ہی ہوگا، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں الیکشن نہ کروائے تو عام انتخابات بھی نہیں ہوسکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پوری قوم چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، بینچ بنانا چیف جسٹس کا اختیار ہے، حکومت سپریم کورٹ کے حکم پرعمل کرنے کی پابند ہے، حکم پرعمل نہ کرنے والی حکومت گھرجائےگی، ہم چاہتے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 224 پرعمل ہو، اس پر عمل نہ ہوا تو نمائندہ حکومت کی بنیاد ختم ہو جائے گی۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پنجاب اور کے پی الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف کیس میں سپریم کورٹ نے قواعد و ضوابط طے کرنے کا کہا ہے، اس ملک نے آئین کے تحت نظام کے اندر ہی رہنا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے حکومتی وزرا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم اورنگزیب نے زندگی میں کوئی الیکشن نہیں لڑا ان کی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں، گیارہ ماہ میں آپ نے پاکستان کا یہ حال کردیا ہے، اگرآپ سے ملک نہیں چل رہا تو ہماری جان چھوڑیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کیسے مائنس ہوسکتے ہیں، وہ ہی تو پلس ہیں، حکومت کے پاس صرف الیکشن کیلئے پیسے نہیں ہیں، انھوں نے اپنے ایم این ایز کو 81 ارب روپے دیے، 10 ارب روپے کے لیپ ٹاپ بانٹے اور اسلام آباد میں اربوں روپے کی اسکیمز منظور کی گئیں۔

شاہ محمودقریشی

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب نے فل کورٹ کی بات کی، عدالت نے اٹارنی جنرل کی فل کورٹ کی استدعا مسترد کردی۔ کے پی اور پنجاب الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت پیر کی صبح ساڑھے11بجےتک ملتوی ہوگئی، امید ہےانتخابات عوامی توقعات کے مطابق ہوں گے، وکلا برادری کا بڑا حصہ چیف جسٹس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اسد عمر

رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف کیس میں صرف الیکشن کی تاریخ کا تعین نہیں ہونا، پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق معاونت کیلئے تیار ہے، حکومت کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں آیا، دوسری طرف حکومت پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں میں مصروف ہے۔

شیخ رشید

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے حکومت کو مزید 72 گھنٹے کی مہلت دے دی ہے، پیسے اور سیکیورٹی کا بندوبست کرنا حکومت کا کام ہے، ورنہ ہم بتائیں گے یہ بندوبست کیسے ہوگا۔

ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ججز کے خلاف جو تحریک چل رہی ہے چیف جسٹس نے اس کا بھی سختی سے نوٹس لے لیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے آئین مقدس اور مقدم ہے ہر صورت میں آئین کے تقدس کا خیال رکھا جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ عدلیہ پر حملہ اور ججز کو دباؤ میں لاکر اپنے من پسند فیصلے کروانے کی کوشش کی ہے، آج بھی عدلیہ کو آڈیو ویڈو اور جلسوں میں نام لے کر دباؤ میں ڈالا جارہا ہے۔

شیخ رشید کے مطابق چیف جسٹس نے کہا ہے کہ تمام ججز کے تعلقات آپس میں ٹھیک ہیں اور ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، آئین پر عمل نہ ہوا تو سسٹم ختم ہو جائے گا۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا پوری قوم چیف جسٹس کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے، چیف جسٹس قانونی اور آئینی فیصلہ دیں گے، ماضی میں بھی ججز میں اختلافات رہے ہیں، آج 1947 کا دور نہیں ہے اگر پرانا دور ہوتا تو خانہ جنگی ہوجاتی۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں طاقتور حلقوں سے لڑنے کا حامی نہیں ہوں، آنے والے مہینے بہت زیادہ اہم ہیں، 60 سے 65 دن زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔

چارٹرڈ طیاروں پر ممبران کو لایا جارہا ہے، یہ چارٹرڈ طیاروں پر آنے والے ممبران کام نہیں آئیں گے، ہم دنیا میں تنہا ہورہےہیں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جو ادارہ یا اُس کا افسر چیف جسٹس کا حکم نہیں مانے گا وہ جیل جائے گا، الیکشن ہر صورت ہونے ہیں، وزارت داخلہ، خزانہ، دفاع تینوں ن لیگ کے پاس ہیں، اس لیے سزا شہباز شریف کو بھی ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کی ساری تدبیریں الٹی ہوگئی ہیں، 100 لتر بھی کھائیں گے، 100 پیاز بھی کھائیں گے، الیکشن بھی کروائیں گے اور گھر بھی جائیں گے۔

فیصل جاوید

رہنما پی ٹی آئی فیصل جاوید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدلیہ میں تقسیم کی سازش کی جارہی ہے، پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کو آئین اور دستور کے مطابق چلنا ہے

فیصل جاوید نے حکومتی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جلسوں میں ججز کے نام لے کرحملہ آور ہو رہے ہیں، پی ڈی ایم الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہی ہے، یہ عمران خان کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں، ہرسطح پرتقسیم کی کوشش کی جارہی ہے۔

Politics March 31 2023