Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’ہماری بہار سیل شروع‘، سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر آفر نمودار

ویب سائٹ ہیک نہیں ہوئی، اصل کہانی کچھ اور تھی
اپ ڈیٹ 29 مارچ 2023 05:28am
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

پاکستان کی عدالتِ عظمیٰ (سپریم کورٹ آف پاکستان) کی ویب سائٹ پر منگل کی شام ایک عجیب پاپ اپ پیغام دکھائی دینے لگا جس میں موسم بہار کی سیل کا ذکر تھا۔

عام طور پر جب سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کھولیں تو عموماً ایک پیغام نظر آتا ہے، جس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے متعلقہ افراد کو عدالت آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 سپریم کورٹ ویب سائٹ کا ماضی کا اسکرین شاٹ
سپریم کورٹ ویب سائٹ کا ماضی کا اسکرین شاٹ

لیکن منگل کو یہ پیغام ایک ”سیل آفر“ سے بدل چکا تھا۔

سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر نظر آںے والے اس پیغام میں لکھا گیا ، ”ہماری اسپرنگ (بہار) سیل شروع ہوچکی ہے“۔

 سپریم کورٹ ویب سائٹ کا حالیہ اسکرین شاٹ
سپریم کورٹ ویب سائٹ کا حالیہ اسکرین شاٹ

یہ مسئلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب حکومت عدالتی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی میں پیش کر رہی ہے۔

عدالت عظمیٰ کی ویب سائٹ پر موجود اس پیغام پر سوشل میڈیا صارفین نے کئی طنزیہ ٹوئٹس کئے ہیں۔

ایک صارف نے پوچھا، ”عدلیہ کی اسپرنگ سیل؟“

ایک اور صارف نے پوچھا کہ کیا یہ واقعی ہیک ہوگئی ہے؟

جس پر معروف وکیل سالار خان نے جواب دیا کہ ”مجھے ایسا نہیں لگتا۔ ان کے پاس ایک پاپ اپ ہوتا ہے جو پہلی بار ویب سائٹ کھولنے پر ظاہر ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ کچھ مسئلہ لگتا ہے“۔

منصور آفریدی نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا، ”انصاف کی اسپرنگ سیل کم قیمت پر۔ مزید تفصیلات کے لیے جسٹس نقوی سے رابطہ کریں“۔

ویب سائٹ پر کھلنے والا یہ پیغام مستقل نہیں ہے، اگر آپ اس میں موجود سبز آئیکون پر کلک کریں تو یہ آپ کو ویب سائٹ کے مرکزی صفحے تک لے جاتا ہے۔

کیا سپریم کورٹ کی ویب سائٹ واقعی ہیک ہوئی؟

جواب بالکل سادہ ہے کہ ”نہیں“۔

یہ کسی ہیکر کا کام نہیں تھا۔ اس کیلئے ویب سائٹ کو مینٹین رکھنے کے ذمہ دار ویب ڈویلپرز کو مورد الزام ٹھہرایا جا سکتا ہے۔

سپریم کورٹ کی ویب سائٹ جیسے دنیا کی تقریباً 40 فیصد ویب سائٹس کی طرح ورڈ پریس کو اپنے کنٹینٹ مینجمنٹ سسٹم کے طور پر استعمال کرتی ہے۔

ورڈ پریس ویب سائٹس مختلف خصوصیات کے لیے کئی پلگ انز پر انحصار کرتی ہیں۔ ویب سائٹ کے ہوم پیج پر ظاہر ہونے والا پاپ اپ، پاپ اپ میکر نامی پلگ ان کے ذریعے ڈیلیور کیا جاتا ہے۔

بظاہر، ڈویلپرز نے پیغام کی سیٹنگز کو تبدیل کرنے کی کوشش کی اور سرخی میں ’ہماری اسپرنگ سیل شروع ہو گئی ہے‘ کے ساتھ پلگ ان کے پہلے سے طے شدہ متن کو لائیو کردیا۔

عنوان کے نیچے چھوٹا متن اس بات کی گواہی دیتا ہے۔

اس میں لکھا ہے، ’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس پاپ اپ کو مرحلہ وار گائیڈ میں کیسے ترتیب دیا گیا تھا۔‘

اردو پاپ اپ ٹیکسٹ کو جلد ہی بحال کر دیا گیا، لیکن اس سے پہلے ہی بہت سے لوگوں نے اس عجیب و غریب سیل آفر کو دیکھا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسکرین شاٹس پوسٹ کیے۔

Supreme Court of Pakistan

Website hack