Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیکیورٹی گارڈ کی وردی میں اسپتال آنے والا زخمی ڈاکو پکڑا گیا

کراچی میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوا، زخمی بھانجے کو پولیس نے دھر لیا
شائع 28 مارچ 2023 08:20pm
فوٹوــ اسکرین گریب
فوٹوــ اسکرین گریب

کراچی میں پولیس نے جناح اسپتال میں کارروائی کرتے ہوئے زخمی ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔ ڈکیتی کے دوران شہری کی فائرنگ سے ماموں ہلاک اور بھانجا زخمی ہوکر فرار ہوگیا تھا۔

ملیرسٹی میں پیر کو ملزمان نے بیٹری کی دکان میں ڈکیتی کی کوشش کی تھی۔ شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا تھا جبکہ اس کا بھانجا زخمی ہوا اور اسی حالت میں فرار ہوگیا۔

پولیس نے ڈاکو کی ہلاکت کے واقعے میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے جناح اسپتال میں کارروائی کی اور ہلاک ڈاکو کے زخمی بھانجے کو گرفتارکرلیا۔

پولیس کے مطابق دوران ڈکیتی ہلاک ڈاکو کا بھانجا بھی دکاندار کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا، ملزم زخمی حالت میں فرار ہوکر سیکیورٹی گارڈ کی وردی میں جناح اسپتال پہنچا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ڈاکو مامو بھانجے کا آبائی تعلق دادو سے ہے، پانچ رکنی ڈکیت گروہ متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے ۔

کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں بہادر شہری نے فائرنگ کرکے ڈاکوؤں کو دکان سے بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔ فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ زخمی ڈاکو بھی چار ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔

ایس ایس پی ملیر حسن سردار نیازی نے متعلقہ بیٹری شاپ کا دورہ کیا اور بیٹری شاپ کے مالکان کو شاباشی دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

Karachi Police

Karachi Street Crimes

Karachi law and order situation