Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

تیسرا ٹی 20: پاکستان کلین سویپ سے بچ گیا

3 میچز کی سیریز 1-2 سے افغان ٹیم کے نام رہی
اپ ڈیٹ 28 مارچ 2023 08:47am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ پی سی بی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو تیسرے اور آخری ٹی 20 میں 66 رنز سے شکست دے دی، افغان ٹیم پاکستان کے خلاف کلین سوئپ نہ کرسکی، 3 میچز کی سیریز 1-2 سے افغانستان کے نام رہی۔

پاکستان کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری افغان ٹیم 19 ویں اوور میں 116 رنز بنا سکی اور اسے میچ میں 66 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور محمد حارث ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد طیب طاہر 10 رنز بنا کیچ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق سیریز میں کھاتا کھولنے میں کامیاب ہوگئے تاہم وہ بھی 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد صائم ایوب اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 49 رنز پر کریم جنت کا شکار بنے، عماد وسیم 13، افتخار احمد 31 اور شاداب خان 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمن نے دووکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نبی، فضل حق فاروقی، راشدخان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ لی۔

افغانستان کی اننگز

پاکستان کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور وقفے وقفے سے ان کی وکٹیں گرتی رہیں۔

افغان ٹیم کا کوئی بھی بیٹر پاکستان کی بولنگ کے سامنے مزاحمت نہ کرسکا اور 19 ویں اوور میں افغان ٹیم 116 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، نجیب اللہ زادران ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے باعث بیٹنگ کیلئے نہیں آئے، یوں پاکستان نے 66 رنز سے فتح حاصل کی۔

افغانستان کے عظمت اللہ عمر زئی 21 اور رحمان اللہ گرباز 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور احسان اللہ نے 3، 3 جبکہ عماد وسیم، زمان اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

افغانستان نے سیریز میں 1-2 سے اپنے نام کی، یہ پاکستان کیخلاف افغانستان کی اولین سیریز فتح ہے۔

ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تھی تاہم افغان بولرز نے پاکستان کو بڑا مجموعہ حاصل کرنے نہیں دیا تھا۔

شاداب خان کو مین آف دی میچ جبکہ افغان پلیئر محمد نبی کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

سیریز کا اختتام جیت پر کرنا چاہتے تھے، شاداب خان

دوسری جانب افغانستان کے خلاف شارجہ میں کھیلی گئی سیریز کے آخری میچ میں فتح کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ سیریز کا اختتام جیت پرکرنا چاہتے تھے جس میں کامیاب رہے۔

شاداب نے کہا کہ افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریزکا مقصد نوجوان کرکٹرزکو موقع دینا تھا، امید ہے نوجوان کھلاڑیوں کوان میچزسے اعتماد ملے گا،

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں کپتان شاداب خان پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے، انہوں نے مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں شاداب نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کی، وہ مینز ٹی ٹوئنٹی میں یہ کارنامہ سر انجام دینے والے پہلے پاکستانی جبکہ مجموعی طور پر ساتویں بولر ہیں۔

شاداب خان نے یہ سنگ میل اپنے کیریئر کے 87 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں عبور کیا۔

افغانستان کے عثمان غنی عبداللّٰہ شفیق کے ہاتھوں کیچ ہوکر شاداب خان کا 100 واں شکار بنے۔

shadab khan

Sharjah

Pakistan vs Afghanistan

Pak Afghan T20 Series