شہباز شریف اپنی طرح قوم کو بھی بھکاری بنانا چاہتے ہیں، پرویزالٰہی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف قوم کو بھی اپنی طرح بھکاری بنانا چاہتے ہیں۔
ایوب بندیشہ، اعجاز احمد وڑائچ، سید نور محمد شاہ اورغضنفر الیاس بندیشہ سے ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے صدر تحریک انصاف پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ حکومت آٹے کا ایک تھیلا دے کر لوگوں کے ضمیر اور ووٹ نہیں خرید سکتی، شہبازشریف آٹا اسٹنٹ سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔
پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف قوم کو بھی اپنی طرح بھکاری بنانا چاہتے ہیں، آٹے کی لائن میں روزانہ ایک قیمتی جان ضائع ہوتی ہے، لیکن شہبازشریف شعبدہ بازیوں سے پھر بھی باز نہیں آتے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ صدر مملکت کے نام شہباز شریف کے جوابی خط میں رونے دھونے کے سوا کچھ نہیں، ملکی اور غیر ملکی خیر خواہ پاکستان کو جلد از جلد الیکشن کرانے کا مشورہ دے رہے ہیں، ادارے بھی سمجھتے ہیں کہ موجودہ معاشی حالات کسی ایڈونچرکے متحمل نہیں ہو سکتے۔
پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ الیکشن کے سوا موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کا کوئی حل نہیں، لیکن پی ڈی ایم ملک کو مارشل لا کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے، مقدمے، گرفتاریاں اور پر تشدد کارروائیاں اب بیکار ہیں، عمران خان وکٹری سٹینڈ پر پہنچ چکے ہیں، الیکشن کے بعد پنجاب میں ن لیگ کی سیاسی موت ہوگی، اور پی ڈی ایم کی سیاست دفن ہو جائے گی۔
Comments are closed on this story.