Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیروز خان نے ساتھی فنکاروں سے معافی مانگ لی

منیب بٹ نے کیس واپس لینے کا فیصلہ اعلان کردیا
شائع 27 مارچ 2023 02:50pm

اداکار فیروز خان نے اپنے ساتھی فنکاروں کی نجی معلومات لیک کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔

فیروز خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک طویل معافی نامہ شیئر کیا اور بتایا کہ 17 جنوری 2023 کو ہتک عزت کا ایک قانونی نوٹس (میری سابق قانونی ٹیم کی جانب سے تیار کیا گیا) میرے انسٹاگرام سے پوسٹ کیا گیا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ میری غفلت سے مذکورہ پوسٹ میں فنکاروں کے فون نمبر بھی شامل رہ گئے اور جیسے ہی مجھے احساس ہوا میں نے اس پوسٹ کو فوری طور پر ڈیلیٹ کردیا۔

فیروز خان نے مزید کہا کہ خود ایک اداکار کی حیثیت سے وہ پرائیویسی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کسی کا سکون برباد ہو، اگر ان کسی ساتھی کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تو انہیں اس کے لئے بہت افسوس ہے۔

بعدازاں فیروز نے اداکار منیب بٹ کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی اور اعلان کیا کہ ان کے درمیان تمام معاملات حل ہوگئے ہیں۔

فیروز خان کی منیب بٹ سے صلح صاحبزادہ سلطان نے کروائی ہے، منیب نے دعویٰ کیا کہ پرائیویسی لیک ایک غلطی تھی اور فیروز نے کبھی بھی اپنے ساتھیوں کو کوئی تکلیف یا ذہنی پریشانی دینے کا ارادہ نہیں کیا تھا۔

اداکار منیب بٹ نے اپنے اور اہل خانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے فیروز خان کے خلاف کیس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

منیب بٹ کی جانب سے جاری کیا گیا بیان ہی ایمن خان اور منال خان نے بھی شیئر کرتے ہوئے اس صلح کی تائید کی ہے۔

یاد رہے کہ فیروز خان نے اپنے ساتھی فنکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تو اس نوٹس کی کاپیاں سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیں تھی جس میں ساتھی اداکاروں کے موبائل نمبرز اور گھر ذاتی معلومات درج تھی ۔

اداکار منیب بٹ نے فیروز خان کے اس عمل پر ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں شکایت درج کر دی تھی ۔

Feroze Khan

Muneeb butt