Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
شائع 27 مارچ 2023 01:00pm

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات نے کل (28 مارچ) سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں مغربی ہوائیں کل سے داخل ہوں گی، اور یہ ہوائیں31 مارچ تک اپنا اثر دکھائیں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ 29 اور 30 مارچ کو جنوبی پنجاب اور سندھ میں بارشیں متوقع ہیں، اور اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، باجوڑ، کرم، وزیرستان اور کوہاٹ میں بادل برسیں گے، جب کہ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور پنجاب میں چند مقامات پر درمیانی وچند پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان جب کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اور اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Rain

rainy weather