Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹوئٹرکی مالیت 6 ماہ میں نصف سے بھی کم ہوگئی، ایلون مسک کا اعتراف

سوشل میڈیا کمپنی سالانہ 3 ارب ڈالر کا نقصان اٹھا رہی ہے
شائع 27 مارچ 2023 09:27am
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹرخریدنے کے محض 6 ماہ کے اندراس کی مالیت 50 فیصد سے زائد گرگئی ہے۔

امریکی میڈیاکے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر کی موجودہ مالیت 20 ارب ڈالربتائی ہے جو 5 ماہ قبل اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کوخریدنے کیلئے ادا کیے جانے والے 44 ارب ڈالرکے مقابلے میں نصف سے بھی کم ہے۔

دنیا کے دوسرے امیرترین شخص نے اکتوبر 2022 میں 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹرخریدا تھا۔

ایلون مسک نے سٹاک گرانٹس کے حوالے سے ای میل میں اعتراف کیا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی مالیت 50 فیصد سے بھی زائد گرنے کے بعد لگ بھگ 20 ارب ڈالرزتک پہنچ گئی ہے۔

مسک نے ٹوئٹر ملازمین کو آگاہ کیا کہ ان کی مالی مراعات کمپنی کے ساتھ منسلک کردی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نےملازمین کو 20 ارب ڈالرز کی مالیت کے مطابق اسٹاک گرانٹس دینے کی پیشکش کی۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کی قدر میں بے رحمانہ کمی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلیٹ فارم کو اس قدرسنگین مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کہ ایک موقع پر یہ دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا۔

اپنی ٹویٹ میں بھی مسک نے کہا کہ ٹوئٹرکو سالانہ 3 ارب ڈالرکا نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے سالانہ 1.5 بلین ڈالرکی آمدنی میں کمی اور اتنی ہی رقم کے قرضوں کی ادائیگی کے بوجھ کا حوالہ دیا جس سے ان کے پاس ”صرف 4 ماہ کی رقم“ رہ گئی ہے۔ مسک نے لکھا، ’انتہائی سنگین صورتحال۔‘

ٹویٹر کے اکثریتی شیئر ہولڈرمسک نے مزید کہا: ’انتہائی سنگین صورتحال۔

ایلون مسک نے عملے کو بتایا کہ وہ کمپنی کی مالیت 250 بلین ڈالرز تک پہنچانے کے لیے مشکل مگر واضح راستہ پر گامزن ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ اس میں کتنا وقت لگ سکتا ہے

مسک، جو ٹیسلا انکارپوریٹڈ اور ایرو اسپیس گروپ اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ ٹوئٹرسوشل نیٹ ورک کے ملازمین کو ہر6 ماہ میں اپنے حصص کے بدلے رقم لینے کی اجازت دے گا۔

ٹویٹر

Elon Musk

Twitter Value