دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی، سعد رفیق
وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا ہے کہ دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیرریلوے اور ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 2018 میں آئین جمہوریت اورعوامی امنگوں کو کُچل کر عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہوتا۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران حکومت نے اپنی نالائقی سے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا دیا، اس کی 4 سالہ حکمرانی نے پاکستان کی معاشی بنیادیں ہلا دیں، اور ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتدار کیلئے فاشسٹ عمران شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتا ہے، اسٹیبلشمنٹ کا سابقہ منظورِ نظر عمران نیازی اب پاکستان مخالف طاقتوں کے مہرے کے طور پر استعمال ہورہا ہے، پی ٹی آئی کی خفیہ فارن فنڈنگ پاکستان کے قومی مفادات کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ شخصی اقتدار کیلئے باؤلا عمران پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتا ہے، پاکستان میں گمراہی اور نفرت پھیلانے کیلئے فارن فنڈنگ کے بل پر زہریلا پروپیگنڈا پھیلایا گیا، دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ کا جھٹکا ہوا تو الیکٹڈ کی یاد آگئی، چیخنا چلانا قلا بازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئے گا، ظُلم جھوٹ سازش اور لوٹ مار کا حساب دیئے بغیر جان نہیں چھُوٹے گی، فارن فنڈڈ فتنے کا راستہ روکا جائےگا۔
Comments are closed on this story.