Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

رولز رائس اب چاند پر بھی

لگژری آٹو مینوفیکچررکو نئے چاند مشن کیلئے اہم ٹاسک دے دیا گیا
شائع 24 مارچ 2023 10:39am
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

برطانوی ایرو اسپیس کمپنی رولزرائس اب چاند پربجلی فراہم کرنے والے چھوٹے جوہری ری ایکٹرز تیارکرے گی۔

معروف لگژری آٹو مینوفیکچررکو اس منصوبے کے لے 2.9 ملین پاؤنڈ (3.5 ملین امریکی ڈالر) کا ٹھیکہ دیا گیا تھا جو 2029 تک مکمل ہوجائے گا۔

ایرو اسپیس کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ رولز رائس کے سائنسدان اور انجینئرز مائیکرو ری ایکٹر پروگرام پر کام کر رہے ہیں تاکہ ایسی ٹیکنالوجی تیار کی جا سکے جو انسانوں کو چاند پررہنے اور کام کرنے کے لیے درکار بجلی فراہم کرے۔

کمپنی پُرامید ہے کہ اس کا پہلا کارسائز ماڈیول 2029 تک چاند پربھیجنے کے لیے تیارہوجائے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ناسا 2025 میں انسانوں کو چاند پر بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے، 1972 میں تاریخی اپولو مشن ختم ہونے کے بعد یہ پہلا دورہ ہوگا۔

رولزرائس کے مطابق جوہری توانائی مستقبل کے چاند مشنزکے دورانیے اوران کی سائنسی اہمیت میں ڈرامائی طور پراضافہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایئربس اور بوئنگ طیاروں کے انجنوں کی وجہ سے مشہور یہ گروپ خلائی منصوبے پرآکسفورڈ سمیت برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

چاند پربجلی فراہم کرنے والے چھوٹے جوہری ری ایکٹرتیار کرنے والی رولس رائس اس ٹیکنالوجی کو ممکنہ زمینی ایپلی کیشنز کے طور پر بھی دیکھتی ہے۔

رولز رائس کے مستقبل کے پروگراموں کے ڈائریکٹر ابی کلیٹن نے کہا کہ برطانوی خلائی ایجنسی کی جانب سے فنڈنگ کی نئی قسط رولز رائس مائیکرو ری ایکٹر پروگرام کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فنڈنگ ہمیں مائیکرو ری ایکٹر کو حقیقت کا روپ دینے کی راہ پر گامزن کرے گی اور اس ٹیکنالوجی سے خلا اور زمین دونوں کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔ یہ ٹیکنالوجی صنعت کو کاربن سے پاک کرنے اور صاف، محفوظ اور قابل اعتماد توانائی فراہم کرنے کے حل کے ساتھ ساتھ تجارتی اور دفاعی استعمال کے معاملات کی حمایت کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گی۔

Moon

NUCLEAR REACTORS

Rolls Royce