Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی پنجاب الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی

فیصلہ آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے متصادم ہے، اسدعمر
اپ ڈیٹ 25 مارچ 2023 01:09pm
فوٹو ــ اسکرین گریپ
فوٹو ــ اسکرین گریپ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ آج سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کا پنجاب الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائےگا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے فواد چوہدری کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی الیکشن ملتوی کرنے پرسخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اقدام آئین کی خلاف ورزی ہے، فیصلہ آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے متصادم ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ ان کے اپنے مؤقف سے بھی متصادم ہے۔

اسد عمرکا کہنا تھا کہ فیصلہ چیلنج کیا جائے گا کیونکہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں ہے، علی ظفر درخواست تیار ک رہے ہیں، 30 اپریل کو ہی الیکشن کرانے کی اپیل کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرکےآئین کی دھجیاں اڑائی گئیں، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کے خلاف توہین عدالت کیس دائر کرچکے ہیں، پی ٹی آئی آئین کے دفاع کیلئے سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑی ہے، تمام امیدوار اپنے حلقوں میں انتخابی مہم جاری رکھیں۔ مینار پاکستان جلسے کے حوالے سے اسد عمر نے کہا کہ 25 مارچ کی رات مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا۔

فواد چوہدری نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کےخلاف جمعہ کو درخواست دائر کریں گے، 96 بارایسوسی ایشنز نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ مسترد کیا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے قوم کو مایوسی ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سوچا تھا پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں ہمارے خلاف بات ہوگی، بعد میں پتا چلا کہ یہ سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوگئے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اعظم نذیر تارڑ شیطان کے وکیل ہوگئے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے پر اعتراض تھا تو نظرثانی پر جاتے، حکومت نے سپریم کورٹ میں کوئی اپیل دائرنہیں کی، امید ہے سپریم کورٹ یہ فیصلہ کالعدم قراردے گی۔

شیخ رشید کا سپریم کورٹ کو خط

دوسری جانب پی ٹی آئی کے اتحادی اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے الیکشن کمیشن کے انتخابات ملتوی کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینے کا خط لکھ دیا ہے۔

از خود نوٹس کیلئے خط اظہرصدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے سپریم کورٹ بھجوایا گیا جس میں لکھا ہے کہ قانون کے تحت الیکشن کمیش انتخابی شیڈول کو تبدیل نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کے انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹس لے۔

پرویز الہٰی کا ردعمل

اس سے قبل پی ٹی آئی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا تھا کہ ملک میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور نااہل حکمرانوں کے مرضی کے فیصلے نہیں چلیں گے۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کا غیر آئینی مطالبہ پورا کردیا، الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کرکے توہین عدالت کی ہے۔

پی ٹی آئی صدر نے سابق ارکان اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ضرور ہوں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہے، وزیر قانون رانا ثنا کے مطابق سپریم کورٹ کا فیصلہ حرف آخر نہیں، یہ کہنا کہ چیف جسٹس مداخلت نہیں کرسکتے، یہ بیان توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحفظات

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پنجاب میں انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کر کے آئین منسوخ کیا۔

اعلامیے میں سپریم کورٹ بار نے تمام آئینی اداروں سے آئین کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی بھی صورت انتخابات کی تاریخ تبدیل نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح تھا کہ انتخابات 90 دنوں میں کروانے لازم ہیں۔

PDM

election commision

punjab election