Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

انڈوں کی لڑائی، البدوک اور کتاب میلہ: رمضان کی کچھ عجیب و غریب روایات

دنیا بھر کے مسلمان ماہ مقدس کے استقبال کیلئےتیار ہیں
شائع 22 مارچ 2023 03:15pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

دنیا بھرکے مسلمان رمضان کے مقدس مہینے کا استقبال کرنے کے لیے تیارہیں ،جس کی ساعتیں اسلامی ثقافت میں سب سے مقدس مانی جاتی ہیں۔

اس ماہ مبارک کے دوران دنیا کے مختلف ممالک میں دلچسپ روایات پائی جاتی ہیں۔

رنگ برنگی ٹارچ لائٹ اسٹریٹ پریڈ سے لے کر رشتہ داروں کی قبروں کی صفائی، انوکھے کھانے اور اہل خانہ اور دوستوں کے انہیں بانٹنے سے لے کر ہر ملک میں رمضان منانے کے اپنے ہی طورطریقے ہیں۔

ذیل میں رمضان کے دوران مختلف ممالک میں رائج چند پسندیدہ رسومات سے متعلق جانیے۔

پاکستان

پاکستان میں رمضان کی سب سے پُرجوش روایت پہلی بار روزہ رکھنے والے بچوں کی روزہ کشائی ہے، خاندان کے بڑے خوشی خوشی اس تقریب کا اہتمام کرتے ہیں اور عزیزواقارب کو دعوت دی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ ملک کے بیشتر حصوں میں لوگ رمضان کے دوران کھیلوں میں مشغول نظرآتے ہیں،جن میں رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ (زیادہ تر کراچی میں) شامل ہیں، جبکہ پشاور میں لوگ انڈے لڑوانے میں شوق سے حصہ لیتے ہیں۔ اس گیم میں اپنے حریف کے انڈے کو توڑنے کے لئے ایک چمکدار رنگ کے ابلے ہوئے انڈے کا استعمال شامل ہے اور یہ پاکستان میں نسلوں سے کھیلاجارہا ہے۔

ترکیہ

ترکی میں لوگ ماہ مبارک کا چاند نظر آتے ہی اپنے گھروں میں مشک اور عرق گلاب کے ایئر فریشنرز چھڑک کر رمضان کا استقبال کرتے ہیں۔

انڈونیشیا

انڈونیشیا میں رمضان المبارک کا استقبال کرنے کی ایک سے زیادہ منفرد روایت پائی جاتی ہیں، ابتدائی طور پر اسکول اور یونیورسٹیاں ایک ہفتے کے لئے بند کردی جاتی ہیں جب تک کہ وہ روزہ رکھنے کے عادی نہیں ہو جاتے.

جکارتہ سے کچھ ہی دور واقع تنگیرانگ شہر کے سیکڑوں باشندے دریائے سیساڈانے میں نہانے کے لیے جمع ہوتے ہیں جس میں چاول کے بھوسے کے شیمپو سے بال دھونا اور علامتی روحانی صفائی کے ساتھ رمضان کا استقبال کرنا شامل ہے۔

اس کے علاوہ روایتی ڈھول بجا کرجسے ”البودوک“ کہا جاتا ہے، رمضان کی آمد کاجشن منانے کے لیے رقص کیا جاتا ہے۔

نائجیریا

نائجیریا میں صدیوں سے ایک بہترین اور سادہ روایت رائج ہے، جہاں امیر خاندان روزانہ افطار پر غریبوں کی میزبانی کرتے ہیں۔

سری لنکا

سری لنکا میں کافی شاپس اور ریسٹورنٹس افطار تک بند رہتی ہیں جبکہ ان میں سے کچھ عارضی طور پرمساجد کے قریب کھانے پینے کی اشیاء پیش کرنے کے لیے کھلتے ہیں جنہیں وہ رمضان کے دوران ”ڈیکاک“ کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگ اپنے گھروں کو بھی سجاتے ہیں۔

روس

ماسکو میں ’رمضان خیمے‘ ایک اہم ایونٹ اوررمضان کی مستند عادت سمجھےجاتے ہیں، جن میں ایک ساتھ 600 سے زائد افراد سماسکتے ہیں۔

رمضان میں افطار کے لیے روایتی مشروب ’کفاس‘ کو ترجیح دی جاتی ہے۔

قازقستان

رمضان کے دوران مرکزی سرگرمیاں حضرت سلطان مسجد، جس میں 10 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے، دیکھنے میں آتی ہیں۔ مسجد میں افطار کے دوران اکثر سربراہ مملکت شرکت کرتے ہیں۔

قازقستان کے لوگ اونٹ یا گھوڑے کا دودھ پی کر روزہ کھولتے ہیں اور رمضان میں ان کی مرغوب ڈش چاول اور میوے کے ساتھ بکرے کا گوشت ہے۔

اس کے علاوہ غیر ملکی اپنے اہل خانہ کے ساتھ رمضان کا مہینہ گزارنے کے لئے ملک واپس آتے ہیں، اور مویشیوں کی قربانی بھی کرتے ہیں۔

بنگلہ دیش

بنگلہ دیش میں لوگ مقدس مہینے کا آغاز مذہبی کتب خرید کر کرتے ہیں۔ اس حوالے سے مہینے کے آغاز میں ایک بہت بڑا کتاب میلہ منعقد کیا جاتا ہے جو رمضان کے اختتام تک جاری رہتا ہے۔

چیچنیا

چیچنیا میں جن بچوں کی پیدائش ماہ مقدس کے ساتھ ہوتی ہے ان کے لیے مخصوص نام موجود ہیں۔ لڑکوں کا نام ”رمضان“ اورلڑکیوں کا ”مرہ“ رکھا جاتاہے۔

Ramadan

Ramzan

Ramadan 2023

Ramadan Traditions