Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت کی وسیع پیمانے پر سفیروں کی تقرری اور تعیناتیوں کی تیاریاں

سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر خرم راٹھور کو واپس بلا لیا گیا
شائع 22 مارچ 2023 01:43pm

حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر بیرون ملک تعینات سفرا اور تقرریوں اور تبادلوں کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر خرم راٹھور کو وطن واپس بلا لیا گیا ہے، وہ اگلے ہفتے پاکستان پہنچ جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خرم راٹھور کو عمران خان کے دور حکومت میں ریاض میں سفیر تعینات کیا گیا تھا، انہیں اب واپس بلائے جانے کی وجوہات کا کسی کوعلم نہیں، اور ان کی جگہ کوپن ہیگن میں تعینات سفیر احمد فاروق کو ریاض بھیجے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے وسیع پیمانے پر سفیروں کی تقرریوں اورتعیناتیوں کی تیاریاں شروع ہیں، اسی سلسلے کے تسلسل میں ملائیشیا میں تعینات آمنہ بلوچ یورپین یونین کیلئے سفیر مقرر کردی گئی ہیں، اور ان کا برسلز سے ایگریما بھی موصول ہو چکا ہے، جب کہ ان کی جگہ ملائیشیا کیلئے نئے ہائی کمشنرکی تعیناتی ہونی ہے، اور معظم احمد خان کی جگہ برطانیہ کیلئے ہائی کمشنر کا تقرر ہونا باقی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی میں سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کو 3 سال بعد نئےملک میں بھیجنے کا فیصلہ کرنا ہے، اور ان کی جگہ جرمنی کے کیے نیا سفیر مقرر کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنیوا میں تعینات مستقل مندوب خلیل ہاشمی کی 3 سال تعیناتی کے بعد تبدیلی ہو گی، معین الحق چین میں مدت پوری کرچکے، چین لیے نئے سفیر کا تقرر ہونا ہے، ایڈیشنل سیکریٹری امریکا اور گریڈ 21 کے سینئیر آفیسر مدثر ٹیپو کی تقرری ہونا ہے، ایڈیشنل سیکریٹری افغانستان احسن رضا شاہ کی تعیناتی بھی باقی ہے، مراکش میں سفیر پاکستان حامد اصغر کو نئے ملک کے لیے سفیر تعینات کرنا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ الجیریا میں سفیر ڈاکٹر محمد طارق کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئی تعیناتی ہونا باقی ہے، جمہوریہ چیک میں سفیر خالد جمالی کی 3 سال بعد نئی تقرری ہونا ہے، شفقت علی خان روس میں سفیر کی مدت پوری کرنے کے بعد وطن واپس آ رہے ہیں، روس کے لیے نئے سفیر کا تقرر کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق سویڈن میں تعینات ڈاکٹر ظہور کی کسی ملک کو بھیجا جائے گا، انڈونیشیا میں تعینات سفیر محمد حسن بلتی کی ریٹائرمنٹ پر نئے سفیر کی تقرری ہونی ہے، سنگاپور میں ہائی کمشنر رخسانہ افضال کے 3 سال مکمل ہونے پر نئی تقرری ہونا ہے، محمد حسن دائیو کے برازیل میں 3 سال مکمل ہونے پر نئے سفیر کا تقرر ہونا ہے، مصر میں سفیر بلال ساجد کے جانشین کا تقرر ہونا ہے، عراق اور تیونس کے لیے نئے سفیروں کی تعیناتی ہونا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تمام سفیروں کی تقرری اور تبادلوں پر کام جاری ہے، تمام فیصلے میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔

foreign office

Pakistan Foreign Office