Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاکھوں ڈالرزکی لاٹری جیتنے والی خاتون پرمقروض شوہرنے مقدمہ کردیا

دونوں کی شادی 20 سال قبل ہوئی تھی
شائع 22 مارچ 2023 11:02am
تصویر/ سوشل میڈیا
تصویر/ سوشل میڈیا

تھائی لینڈ میں 3 لاکھ 48 ہزار ڈالرزجیتنے والی خاتون پرشوہرنے مقد مہ دائر کردیا لیکن اس مقدمے کی وجہ انعامی رقم جیتنا ہرگز نہیں ہے۔

تھائی میڈیا کے مطابق لاٹری جیتنے والی خاتون نے دوسری شادی کرلی جس پرحیران و پریشان 47 سالہ پہلے شوہر نے قانونی کارروائی کرڈالی۔

نرین نے اہلیہ کے خلاف 11 مارچ کو مقدمہ درج کرایا۔ جس کے مطابق ان کی شادی 20 سال قبل ہوئی تھی اور دونوں کی 3 بیٹیاں ہیں۔ نرین 20 لاکھ بھات کا مقروض تھا اور 2014 میں قرض اتارنے کی غرض سے اس نے جنوبی کوریاجانے کا فیصلہ کیا تھا۔

نرین جنوبی کوریا میں کام کے دوران اہلیہ چاوی وان کو ہرماہ ماہانہ 27 سے 30 ہزار بھات بھیجتا رہا، بعد ازاں اسے علم ہوا کہ اہلیہ نے ایک کروڑ 20 لاکھ تھائی بھات کی لاٹری جیتی اور اس بات سے شوہر کو لاعلم رکھا۔

معاملے کا علم ہونے کے بعد اہلیہ سے رابطہ نہ ہونے پرنرین نے3 مارچ کو تھائی لینڈ واپسی کا فیصلہ کیا جہاں اسے علم ہوا کہ اس کی بیوی نے25 فروری کو کسی پولیس افسرسے شادی کرلی ہے۔

سب کچھ جاننے کے بعد نرین کوشدید مایوسی ہوئی، اس کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں تھا کہ 20 سال ساتھ رہنے کے بعد بھی میری اہلیہ میرے ساتھ ایسا بھی کرسکتی ہے۔

نرین کے مطابق اس کے بینک اکاؤںٹ میں صرف 60 ہزار بھات رہ گئے ہیں کیونکہ باقی پیسے اہلیہ کو بھیج دیے تھے، اس لیے انصاف کی فراہمی اوراپنے پیسےواپس چاہئیں۔

دوسری جانب دوسری شادی کرنے والی چاوی وان کا کہنا ہے کہ لاٹری جیتنے سے کئی برس قبل ہی پہلے ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی، جس کے بعد اس نے پسند کی شادی کرلی۔

تاہم مقدمہ درج کروانے والے نرین کا موقف ہے کہ اسے اس علیحدگی کے بارے میں بھی کوئی علم نہیں ہے۔ پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

thailand

Lottery