Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان نے مالی سال 2023 کے پہلے 8 ماہ میں 7.4 بلین ڈالر کا قرضہ لیا

حکومت نے رواں مالی سال کے لیے 22.817 بلین ڈالر کی غیر ملکی امداد کا بجٹ رکھا ہے.
شائع 20 مارچ 2023 09:36pm

حکومتِ پاکستان نے مالیاتی سال 2022-23 کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران متعدد ذرائع سے 7.407 بلین ڈالرز قرض لیا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 12.178 بلین ڈالر قرض لیا گیا تھا۔

اقتصادی امور ڈویژن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کے لیے 22.817 بلین ڈالر کی غیر ملکی امداد کا بجٹ رکھا ہے، جس میں غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 7.5 بلین ڈالر کا قرض بھی شامل ہے۔

حکومت نے فروری 2023 میں 1.271 بلین ڈالر کے بیرونی قرضے حاصل کیے تھے۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے تحت ملک کو رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں کے دوران 538.42 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے، جن میں فروری 2023 کے 72.07 ملین ڈالر بھی شامل تھے۔

پاکستان نے جولائی تا فروری مالی سال 2023 کے دوران کثیر جہتی ذرائع سے 3.852 بلین ڈالر، دو طرفہ ذرائع سے 949.66 ملین ڈالر اور آئی ایم ایف سے 1.166 بلین ڈالر حاصل کیے۔

جبکہ نان پراجیکٹ امداد 6.084 بلین ڈالر تھی، جس میں 5.124 بلین ڈالر بجٹ سپورٹ اور پراجیکٹ امداد 1.322 بلین ڈالر تھی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے زیر جائزہ مدت کے دوران پورے مالی سال کے لیے 3.202 بلین ڈالر کے بجٹ کے مقابلے میں 1.929 بلین ڈالر جاری کیے ہیں۔

اے ڈی بی نے فروری 2023 میں 12.85 ملین ڈالر جاری کیے تھے۔

چین نے پہلی سہ ماہی کے دوران 54.93 ملین ڈالر جاری کیے جو کہ موجودہ مالی سال کے لیے 49.02 ملین ڈالر کے حکومتی بجٹ کے تخمینے کے برخلاف ہے۔

تاہم اکتوبر، نومبر، دسمبر، جنوری اور فروری میں کوئی رقم موصول نہیں ہوئی۔

سعودی عرب نے 800 ملین ڈالر کے بجٹ کے مقابلے میں 782.28 ملین ڈالر جاری کئے۔

امریکہ نے رواں مالی سال کے بجٹ کے 32.49 ملین ڈالر کے مقابلے میں زیر جائزہ مدت کے دوران 20.83 ملین ڈالر دئے۔

رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں کے دوران کوریا نے 19.79 ملین ڈالر اور فرانس نے 27.36 ملین ڈالر فراہم کئے۔

بین الاقوامی ترقی ایسوسی ایشن (IDA) نے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 1.4 بلین ڈالر کے بجٹ کے مقابلے میں 1.019 بلین ڈالر جاری کیے، جن میں فروری میں 338.63 ڈالر، بین الاقوامی بینک برائے تعمیر نو اور ترقی (IBRD) نے 1.246 بلین ڈالر بجٹ کے مقابلے میں 135.02 ملین ڈالر اور اسلامی ترقیاتی بینک نے رواں مالی سال کے بجٹ کے 3.38 ملین ڈالر کے مقابلے میں 16.81 ملین ڈالر جاری کیے ہیں۔

اسلامی ترقیاتی بینک نے رواں مالی سال میں 161 ملین ڈالر تقسیم فراہم ہیں۔

ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک( AIIB) نے رواں مالی سال میں اب تک 539.02 ملین ڈالر دیے ہیں۔

اقتصادی امور ڈویژن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ملک نے مالی سال 2023 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 900 ملین ڈالر کا قرض لیا، جس میں فروری میں ملنے والے 700 ملین ڈالر بھی شامل ہیں۔

ملک کو زیر جائزہ مدت کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) سے 1.166 بلین ڈالر بھی ملے۔

IMF

pakistan debt

US Dollars