مجھے مارنے کے لیے کیسے جال میں پھنسایا گیا جلد بے نقاب کروں گا، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کارکنان پرامن رہیں ورنہ فاشسٹ لوگوں کو مزید تشدد کا موقع ملے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ مجرموں کی اس حکومت نے ہمارے کارکنان کو جیلوں میں ڈالا ہے، ہم اس کے خلاف ناصرف عدالتوں میں جائیں گے بلکہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی رابطہ کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سے کہیں گے وہ اپنے مقامی منتخب نمائندوں اور سیاستدانوں سے رابطہ کریں اور انہیں پاکستان میں جاری فاشزم سے آگاہ کریں۔
عمران خان نے ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص ہمارے ورکرز کو اشتعال دلا رہا ہے اور بے نقاب ہو رہا ہے، میں کارکنان سے کہنا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی اشتعال انگیزی کی کوشش ہو آپ پرامن رہیں، ہم نے آئین کے دائرے میں پرامن احتجاج کرنا ہے، ورنہ ان فاشسٹ لوگوں کو مزید تشدد کا موقع ملے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جلد ہی بتاؤں گا کہ کس طرح میں موت کے جال میں تقریبا پھنس گیا تھا، بتاؤں گا جوڈیشل کمپلیکس میں میرے قتل کا کیا پلان تھا، اور کس طرح اللہ نے عین وقت پر میری زندگی بچائی۔
Comments are closed on this story.