آرمی چیف کے خلاف عمران خان کی ایما پر گھناؤنی مہم قابل مذمت ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرداخلہ کو اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اداروں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی کے کہنے پر آرمی چیف کے خلاف پی ٹی آئی کی مکروہ مہم کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ شخص اقتدار نہ ملنے کی مایوسی میں پستیوں کی طرف جھک گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اقتدار کی ہوس میں ملک کو نقصان پہنچانے اور مسلح افواج اور ان کی قیادت کو کمزور کرنے کی حد تک جا رہا ہے، آرمی چیف کے خلاف مہم اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی اداروں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں، اور زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں، بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں اور فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں، افراتفری، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے، قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔
Comments are closed on this story.