Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کی رہائش گاہ پر مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

عمران خان سے کیسے نمٹا جائے، پارٹی کے بڑوں نے سر جوڑ لئے
شائع 19 مارچ 2023 08:57pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیر اعظم کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں پارٹی قائد نوازشریف سے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز، حمزہ شہباز ، مریم اورنگزیب اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر وفاقی وزرا، اور معاونین خصوصی نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کی جارحانہ حکومت مخالف حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں اس لئے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جانا چاہئے، بعض وزرا نے مریم نواز کی تجویز کی پر زور انداز میں تائید کی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر مثبت رد عمل آنے پر بھی غور اور اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے شرکاء کو مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری سے ملاقاتوں کے بارے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں عمران خان کی رہائش گاہ اور عدالت کے باہر پولیس اہلکاروں پر پی ٹی آئی کارکنوں کے مبینہ حملوں اور تشدد کی شدید مذمت کی گئی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں ہونے والے انتخابات اور ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم کو مہنگائی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کےلئے مختلف آپشنز پر بھی بریفنگ دی گئی۔

PDM

Maryam Nawaz

imran khan